ہندوستانی عازمین حج کو کورونا کا ٹیکہ لینے کا مشورہ۔ سرکلرجاری

نئی دہلی: حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2021 کے لئے درخواست داخل کرنے والے تمام ہندوستانی عازمین حج سے کورونا ٹیکے کی پہلی خوراک لینے کی اپیل کی ہے۔ اس سلسلے میں ایک سرکلرجاری کیا گیا ہے۔ مرکزی حج کمیٹی کے چیف ایگزیکٹو افسر ڈاکٹر مقصود احمد خان نے کہا کہ جون کے وسط میں سعودی عربیہ کے لئے پروازیں شروع ہونے کی قوی امید ہے اور سعود عرب کے لئے سفر کرنے والے تمام مسافر بشمول عازمین حج کو کورونا ٹیکہ لینا ضروری ہوگا۔ اس لحاظ سے حج کمیٹی نے اس سال سفر حج پر روانہ ہونے والے تمام عازمین حج کو ویکسین لینے کا مشورہ دیا ہے۔
مقصود احمد خان نے وضاحت پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اس سال کورونا کی بدولت سعودی حکومت کی جانب سے حج 2021 کے لئے کوئی آفیشیل اطلاع مرکزی حج کمیٹی یا مرکزی وزارت برائے اقلیتی امور کو موصول نہیں ہوئی ہے۔ البتہ سعودی عرب کی وزارت صحت کی جانب سے قونصل جنرل جدہ انڈیا کو ایک خط بھیجا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عمرہ اور حج پر آنے کے خواہشمند افراد کی حفاظت کے لئے کورونا وائرس کی ویکسین کی دو خوراکیں لگوانے والوں کو ہی سعودی عرب میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ ڈاکٹر مقصود کہا کہ اگرچہ ابھی تک سعودی عرب کی حکومت کے توسط سے سرکاری طور پر حج 2021 کا اعلان نہیں کیا گیا ہے، لیکن یہ طے مانا جا رہا ہے کہ حج کے لئے آنے والے عازمین کو انسداد کورونا وائریس ویکسین لی دو ڈوز لگوا کر ہی سعودی عرب آنے کی اجازت ملے گی۔