جگتیال کا نقلی آئی اے ایس عہدیدار منچریال میں گرفتار

منچریال _ تلنگانہ میں ایک نقلی آئی اے ایس عہدیدار کو پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے لاکھوں مالیت کی کار اور دیگر اشیاء ضبط کرلی ۔رام گنڈم پولیس کمشنریٹ کے ڈی سی پی اودے کمار نے میڈیا کے سامنے نقلی آئی اے ایس عہدیدار کی تفصیلات پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ جگتیال ضلع کے بیرپور منڈل کے لیکھالاپلی سے تعلق رکھنے والا 22 سالہ بی لکشمی نارائن نے پالی ٹیکنک کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد حیدرآباد میں انجینئرنگ میں داخلہ لیا۔آسانی سے پیسہ کمانے کے لئے اس نے اپنے آپ کو آئی اے ایس عہدیدار ظاہر کیا اور منچریال میں ایک فلاٹ کرایہ پر حاصل کرتے ہوئے معصوم افراد کو مختلف کاموں کو انجام دینے اور ملازمتیں فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے لاکھوں روپے وصول کئے۔کئی مہینے تک یہ سلسلہ جاری تھا ملازمتیں فراہم نہ کرتے ہوئے لاکھوں روپے وصول کرنے پر متاثرین نے رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا۔جس پر وہ فرار ہوگیا۔پولیس نے لکشمی نارائن کو گرفتار کرلیا۔ڈی سی پی نے بتایا کہ اس نے تقریبا 30 افراد سے 80 لاکھ روپے وصول کیے ۔