کورونا راحت خدمات میں تیزی لائے گی پاپولر فرنٹ

ملک بھر میں کورونا کے رکارڈ معاملوں اور بے قابو ہوتے حالات کو دیکھتے ہوئے، پاپولر فرنٹ آف انڈیا کورونا سے متعلق اپنی راحت خدمات اور رضاکارانہ سرگرمیوں میں تیزی لائے گی۔پاپولر فرنٹ آف انڈیا نے اہلکاروں اور صحت عملہ کے تعاون اور کووڈ کے مریضوں کو طبی و دیگر راحتی خدمات پہنچانے کے لئے مزید رضاکاروں کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ہسپتالوں، کووڈ سنٹروں اور تدفین کی خدمات کے لئے اگر کسی بھی حکومتی ایجنسی کو رضاکارانہ خدمات کی ضرورت ہو، تو وہ ہماری مقامی یونٹوں سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ پاپولر فرنٹ اُن این جی اوز کے ساتھ بھی تعاون کرے گی جو کووڈ سے متعلق راحت خدمات میں سرگرم عمل ہیں۔

مارچ 2020 کے لاک ڈاؤن کی شروعات سے ہی، تنظیمی رضاکاران میدان میں اتر کر لاک ڈاؤن میں پھنسے لوگوں کی مدد، کووڈ کے مریضوں کو راحت خدمات پہنچانے اور مرنے والوں کی عزت کے ساتھ آخری رسومات کی ادائیگی کو یقینی بنانے کا کام کرتے آئے ہیں۔

ملک میں اب تباہ کن حالات بن رہے ہیں۔ ملک کے مختلف علاقوں سے ایسی خبریں موصول ہو رہی ہیں کہ ہسپتالوں میں جگہ نہیں ہے، صحت عملہ کو مریضوں کی ضرورتیں پوری کرنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور لاشوں کو کھلے میدانوں میں جلایا جا رہا ہے۔ ان تمام حالات پر پاپولر فرنٹ شدید فکرمند ہے۔ اس پوری لڑائی میں، تنظیم ملک کے ساتھ کھڑی ہے۔ پاپولر فرنٹ لوگوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اہلکاروں کا پورا تعاون کریں۔