چیف منسٹر چندرشیکھرراو کی صحت یابی کے لئے وزیر داخلہ محمد محمود علی نے دی درگاہ یوسفین میں حاضری

 

ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے  ٹی آر ایس سینیر مسلم قائدین کے ساتھ حضرت یوسفین رحمت اللہ علیہ کی بارگاہ شریف میں حاضری دیتے ہوئے چادر و گل چڑھائی بعد ازاں مولانا سید حبیب شاہ عرف سعد بابا نے سلام کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے دعا کا اہتمام کیا جس میں انہوں نے ہر دلعزیز وزیر اعلیٰ کلوا کنٹلا چندراشیکھر راؤ کی جلد صحت یابی اور کورونا سے نجات کی دعا فرمائی. تلنگانہ ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عزت مآب وزیر اعلیٰ کلوا کنٹلا چندراشیکھر راؤ کورونا مثبت پائے گئے ہیں.جو کافی تکلیف دہ بات ہے. انہوں نے کہا کہ کے سی آر انسان دوست قائد ہیں جو ہمیشہ عوام کی فلاح وبہبود کے لیے کوشاں رہتے ہیں. کے سی آر نے مختصر سے عرصہ میں تلنگانہ ریاست کو ملک بھر میں مثالی ریاست میں تبدیل کیا اور عوام کے لیے جدید اسکیمات عمل میں لائیں جس سے ریاست کے تمام عوام مستفیض ہورہے ہیں.رات کا کرفیو کے متعلق نامہ نگاروں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت کورٹ کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے اس قدم کو اٹھایا ہے. تلنگانہ حکومت ہمیشہ عوام کو راحت فراہم کرنے کی پابند ہے. کھبی بھی عوام کو پریشان کرنا نہیں چاہتی. انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کافی تیزی سے پھیل رہا ہے. اس کو کنٹرول کرنے اور اس سے محفوظ رہنے کا آسان طریقہ احتیاط برتنا ہے. وزیر داخلہ نے کہا کہ عوام فیس ماسک کو ہمیشہ استعمال کریں، ہاتھوں کو سانیٹائزر یا صابن سے بار بار دھوئیں. انہوں نے کہا کہ رات کے کرفیو کی پابندی کریں تاکہ کورونا کو پھیلنے سے روکا جاسکے. اور کہا کہ نماز تراویح اول اوقات میں شروع کرکے رات نو بجے سے پہلے ختم کریں اور فوری اپنے اپنے مکانات روانہ ہوجائیں. محمد محمود علی نے عوام سے اپیل کی کہ مساجد میں کووڈ قواعد کی پابندی کریں. انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں ہر وقت رحمتیں اور برکتیں نازل ہوتی رہتی ہیں. اور کہا کہ خدا وند قدوس اپنے فضل و کرم سے اس وباء کا خاتمہ فرمائے اور ساری دنیا میں امن، چین، سکون اور راحت فرمائے. اور وزیر اعلیٰ اور ان کے افراد خاندان کو صحت و عافیت کے ساتھ لمبی عمر عطا فرمائے. . محمد محمود علی نے علماء کرام، آئمہ، مشائخین اور عوام سے گذارش کی ہے کہ وزیر اعلیٰ کی جلد از جلد صحت یابی اور کورونا وباء کے خاتمے کے لیے دعاؤں کا اہتمام کریں. اس موقع پر وقف بورڈ چیرمن محمد سلیم، حج کمیٹی چیرمن مسیح اللہ خاں، سینیر قائدین منیرالدین ،محمد شریف، ارشد علی خاں ، بدرالدین، عبدالباسط اور دیگر شریک تھے.