تنظیم الائمہ والموذنین عادل آباد نے مولانا جعفر پاشاہ کے ساتھ پولیس کی بدسلوکی کے واقعہ کی مذمت کی

عادل آباد _ امیر ملت اسلامیہ مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ کے ساتھ کل حیدرآباد کے نئے پل پر جو ناخوشگوار واقعہ پیش آیا اور مولانا کے ساتھ پولیس عہدیدار نے جو نازیبا سلوک کیا صدر تنظیم الائمہ والموذنین عادل آباد کے ذمہ داران حافظ محمد منظور احمد اور مولانا محمد اکبرالدین حسامی اس کی شدید طور پر مذمت کرتے ہوئے سخت کاروائی کا مطالبہ کیا۔ حافظ منظور احمد اور مولانا محمد اکبرالدین حسامی نے اپنے مشترکہ خطاب میں کہا کہ امسال لاک ڈاؤن میں تلنگانہ فرینڈلی پولیس کی ظلم و زیادتی کے واقعات میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔پولیس کی جانب سے ظلم و زیادتی کے واقعات مسلسل دیکھنے میں آرہے ہیں۔ لاک ڈاؤن کی نرمی کے اوقات میں بھی پولیس جگہ جگہ غیر ضروری چالانات کے ذریعہ عوام کے ساتھ ظالمانہ سلوک کررہی ہے۔اور غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں۔جو انتہائی تشویش ناک ہے جس سے فرینڈلی پولیس کا اصلی چہرہ سب کے سامنے عیاں ہوگیا ہے۔انہوں نے وزیرداخلہ محمد محمود علی،ریاستی ڈی جی پی اور کمشنر آف پولیس حیدرآباد سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوراً ایکشن لیتے ہوئے خاطی افسران کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کریں جو مولانا اور ان کے علاوہ ہونے والے واقعات کے ذمہ دار ہیں۔