جنرل نیوز

رکن اسمبلی عادل آباد جوگورامنا نے مقامی مسلم نمائندوں کے ساتھ عیدگاہ کا دورہ کیا

سابق ریاستی وزیر و رکن اسمبلی عادل آباد جوگورامنا نے کہاکہ عیدالاضحی کی نماز کے موقع پر میدان عیدگاہ میں مسلمانوں کو کسی قسم کی کوئی پریشانی کا سامنا کرنا نہ پڑے۔ریاستی حکومت تمام مذاہب کے ماننے والوں کے تہواروں کا احترام کرتی ہے۔وہ آج عیدالاضحی کے پیش نظر عیدگاہ میدان کا دورہ موقع پر میڈیا سے خطاب کررہے تھے۔

رکن اسمبلی کے دورے کے موقع پر انکے ہمراہ میونسپل وائس چیئرمین ظہیر رمضانی،ٹی آر ایس ٹاؤن صدر سید ساجد الدین،ٹی آر ایس میناریٹی قائد محمد ظہور الدین،متعلقہ وارڈ کونسلر وی پرکاش،عیدگاہ انتظامیہ محمد عبدالمعیز،ایڈوکیٹ معین الدین،صدر تنظیم الائمہ والموذنین حافظ محمد منظور احمد،محمد سیٹھ،شاہد احمد توکل،ٹی آر ایس کونسلرس بی ستیش،محمد عبدالمبین،کو آپشن ممبر محمد اعجاز اور دیگر موجود تھے۔اس موقع پر عیدگاہ میدان کی انتظامیہ نے رکن اسمبلی کو جاریہ ماہ کی 21 جولائی کو منعقد شدنی عید کی نماز کی سہولیات سے متعلق تفصیلات سے واقف کروایا۔جوگورامنا نے میونسپل عہدیداران کو عیدالاضحی کے موقع پر میدان عیدگاہ میں عید سے قبل تمام تر صاف صفائی اور مرمتی کاموں کو انجام دینے اور بجلی کی سربراہی ودیگر سہولیات کی فراہمی کے لئے عاجلانہ اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔وہیں میونسپل وائس چیئرمین ظہیر رمضانی کو انتظامات کی نگرانی کرنے کو کہا۔میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے رکن اسمبلی جوگورامنا نے مزید کہاکہ گذشتہ دو سالوں سے کورونا مہماری و لاک ڈاؤن کے سبب مسلمانوں نے اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اپنے محلہ کی مساجد اور گھروں میں عبادات کا اہتمام کیا۔اور مقدس تہواروں عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ جیسی عبادات کو بھی گھروں میں ہی ادا کیا۔اب چوںکہ تمام کی جانب سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے سے کورونا وباء کی دوسری لہر پر کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے۔

حکومت بھی چاہتی ہے کہ تمام مذاہب کے ماننے والوں کے تہواروں کو جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے۔لیکن مہلک بیماری کے سبب تمام تہواروں کو سادگی کے ساتھ منایا گیا تھا۔موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے عیدگاہوں میں نماز عید پڑھنے کی اجازت دی ہے۔انہوں نے عادل آباد کے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ عید کی نماز میدان عیدگاہ میں تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے ادا کریں۔رکن اسمبلی نے مسلمانوں کو عیدالاضحی کی پیشگی مبارکباد بھی دی اور امن و سلامتی کے لئے دعاؤں کی گذارش کی۔اس موقع پر عیدگاہ انتظامیہ اور دیگر موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button