قربانی کے دوران تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں_ حافظ محمد رشاد الدین کی عامتہ المسلمین سے اپیل

*قربانی کے دوران تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں*
*ناظم شہر جماعت اسلامی ہند عظیم تر حیدرآبادحافظ محمد رشاد الدین کی عامتہ المسلمین سے اپیل*

حافظ محمد رشاد الدین ناظم شہر عظیم تر حیدرآباد نے اپنے صحافتی بیان میں عامتہ المسلمین کو عید الاضحی کی پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اسلام میں قربانی ایک اہم عبادت ہے جو حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت ہے اور نبی کریم حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم نے بھی اس سنت پر عمل کیا اور اُمت کو بھی اس بات کی تلقین کی۔ حافظ محمد رشاد الدین نے کہا کہ قربانی کے ایام میں صرف قربانی کا عمل ہی اللہ تعالیٰ کو سب سے زیادہ محبوب ہے۔ اس لئے مسلمانوں کو چاہیے کہ عید الاضحی کے موقع پر حتی الامکان قربانی کے اہتمام کی کوشش کریں۔ جن صاحب حیثیت لوگوں پر قربانی واجب ہو گی‘ اگر وہ خواہش و کوشش کے باوجود کسی وجہہ سے قربانی نہ کر سکیں تو اُن کے لئے جائز ہے کہ بعد میں قربانی کے بقدر رقم غریبوں میں تقسیم کر دیں۔ ناظم شہر نے مزید کہا کہ ابھی کوؤیڈ وباء کا مکمل خاتمہ نہیں ہوا ہے اس لئے جماعت اسلامی ہند تمام مسلمانوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر ملحوظ رکھتے ہوئے عید منائیں اور قربانی کریں۔اُنہوں نے کہا کہ راستوں اور گذر گاہوں پر قربانی نہ کریں‘ صفائی‘ ستھرائی کا مکمل خیال رکھیں‘ خون فضلات اور زائد اجزاء کو دفن کر دیں یا کوڑا کرکٹ کے متعینہ مقامات تک پہنچائیں۔ اُنہوں نے اس موقع پر اس بات کی بھی اپیل کی کہ ہر علاقہ میں عید سے قبل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو حالات پر نظر رکھے‘ مقامی حکام سے برابر رابطہ رکھے اور اَمن وقانون کی صورتحال کو بحال رکھنے میں اپنا تعاون پیش کریں۔ اپنے دعائیہ کلمات میں اُنہو ں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنے دین پر چلنے اور اُس کی اطاعت و تابعداری توفیق عطا فرمائے۔