عادل آباد میں بارش کے متاثرین کی مدد کے لئے پولیس متحرک

ضلع عادل آباد میں گذشتہ کئی دنوں سے شدید بارش کی وجہ سے عادل آباد پولیس پوری طرح حرکت میں آتے ہوئے عوامی خدمات میں لگی ہوئی ہے۔ضلع ایس پی عادل آباد ایم راجیش چندر نے شہر مستقر کے علاوہ اطراف کے ڈویژن و مختلف مقامات اوٹنور،نرڈی گونڈہ،ایچوڑہ،بازار ہتنور،بوتھ و دیگر مقامات پر پولیس کے اعلیٰ عہدیداران کو ماتحت عملے کے ساتھ تعینات کردیا ہے۔پولیس عہدے داران اپنے ماتحت عملے کے ساتھ عوامی خدمات میں مصروف دیکھے جا رہے ہیں۔دیہاتوں میں بارش سے پریشان عوام کی خدمات کو یقینی بنا رہے ہیں۔وہیں آج ٹریفک پولیس نے شہر مستقر کے امبیڈکر چوک پر سڑک کی خستہ حالی کو دیکھتے ہوئے وقتی طور پر سڑک کی مرمت کروائی۔اس کارروائی کو ٹریفک سی آئی رام نرسمہا ریڈی نے ٹریفک پولیس ملازمین سرینواس،کندی نون کی مدد سے انجام دیا۔سڑک کی خستہ حالی کے سبب عوام کو آمدورفت میں کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ضلع ایس پی و ٹاؤن ڈی ایس پی کو اس بات کی اطلاع ملنے پر ٹریفک پولیس کی خدمات کی بھرپور ستائش کی۔