شدید بارش سے متاثرہ نرمل کے حفاظ کالونی میں صراطِ مستقیم سوسائٹی نرمل کے زیرِ اہتمام راشن پیکیجس کی تقسیم

 

شہرِ نرمل کی متحرک و فعال رفاہی وفلاحی تنظیم صراطِ مستقیم ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی نرمل کے زیرِ اہتمام آج بتاریخ 26/ جولائی 2021 بروزِ پیر بعد نمازِ ظہر چند روز پہلے نرمل میں ہوئی شدید بارش سے متاثرہ علاقے : نیو اسراء کالونی حفاظ کالونی کے متاثرین میں راشن تقسیم کیا گیا، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سوسائٹی کے سرپرست مولانا عبدالعلیم صاحب قاسمی نائب قاضی نرمل نے کہا کہ شہر نرمل میں شدید بارش سے جو علاقے متاثر ہوئے اللہ تعالیٰ جلد از جلد ان کے بازآبادکاری کی شکلیں پیدا فرمائیں، بلالحاظ مذہب وملت ہرفرد کی حفاظت فرمائیں، بازآبادکاری کی فکر لے کر صراطِ مستقیم سوسائٹی نرمل کے ذمہ داران نے بارش کے فوراً بعد سب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے جائزہ لیا اور اس کی روشنی میں آج الحمد للہ 40 متاثرہ خاندانوں میں راشن کے پیکیجس تقسیم کیے گئے، جن میں مسلم وغیر مسلم سب شامل ہیں ۔اس موقع پر ذمہ دارانِ سوسائٹی :مولانا امتیاز خان مفتاحی ،مفتی احسان شاہ قاسمی ،حافظ عمران قریشی ، حافظ ابو ماجد حافظ زبیر اور حافظ فرحان کے علاوہ مفتی ساجد قاسمی امام وخطيب مسجدِ صمد اسراء کالونی، مقامی کونسلر محمد انور، صدر مسجد غوث بابا ودیگر موجود تھے۔