پیگاسس اسپائی ویئر جاسوسی معاملہ کی سماعت کرنے سپریم کورٹ کا اعلان

نئی دہلی _ مرکزی حکومت کی جانب سے سیاستدانوں ،سماجی کارکن اور صحافیوں کی جاسوسی کے لئے اسرائیلی سافٹ ویئر پیگاسس اسپائی ویئر کا استعمال کرنے کی اطلاعات کے درمیان اس معاملے کی تحقیقات کے لئے بعض صحافیوں نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ سینئر صحافیوں این رام اور سشی کمار نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات کی جائے۔ عدالت نے ان درخواستوں کو سماعت کے لیے قبول کر لیا۔

سپریم کورٹ کے چیف جسٹس این وی رمنا نے کہا کہ پیگاسس کیس پر سماعت اگلے ہفتے ہوگی۔ کپل سبل نے صحافی این رام کی جانب سے ایک عرضی داخل کی۔ انہوں نے بتایا کہ پیگاسس میں اہم پیشرفتیں درپیش ہیں۔ کپل سبل نے کہا کہ منگل اور چہارشنبہ کے سوا تمام دنوں میں مقدمے کی سماعت کی جائے۔