نیشنل

آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین نے دو کارپوریشن وارڈوں پر امیدواروں کا اعلان کیا

نئی دہلی: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین دہلی ریاست نے کارپوریشن انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کرتے ہوئے دو امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ اسی کے ساتھ مجلس کی جانب سے اشارہ دیا گیا ہے کہ وہ پوری طاقت کے ساتھ دہلی کارپوریشن انتخابات میں حصہ لے گی، دہلی ریاستی صدر کلیم الحفیظ نے بتایا کہ ہم نے پہلی فہرست جاری کردی ہے اور محترمہ ستارہ محمد فخرالدین کو برج پوری وارڈ نمبر 245 مصطفی آباد سے امیدوار نامزد کیا ہے جبکہ جناب سرتاج علی سیفی کو وارڈ نمبر 246 شری رام کالونی سے امیدوار بنایا ہے، امیدواروں کے ناموں کے فیصلے کا عمل جاری ہے اور دیگر وارڈوں پر بھی تیزی سے کام جاری ہے جلد ہی دوسرے ناموں کا اعلان کر دیا جائے گا۔
کلیم الحفیظ نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور عام آدمی پارٹی نے دہلی کے لوگوں کو  دھوکا دیا ہے، یہ الیکشن بھارتیہ جنتا پارٹی کے مظالم اور عام آدمی پارٹی کے فریب کے خلاف ہے، آج لوگوں کے لیے سانس لینا مشکل ہو گیا ہے۔ دہلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے کوڑے کچرے کا پہاڑ کھڑا کر دیا ، اتر پردیش، ہریانہ اور مرکز میں حکومت ہونے کے باوجود آلودگی کو ختم کرنے کے لیے کچھ نہیں کیا، دہلی میں  اور پنجاب میں عام آدمی پارٹی اقتدار میں ہے اور عام آدمی پارٹی نے آلودگی کا حل دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن وہ پورا نہیں ہوا۔ آج بھارتیہ جنتا پارٹی اور عام آدمی پارٹی الزام اور جوابی الزام کی سیاست کر رہی ہیں، لیکن ان کے پاس اس سنگین مسئلے کو ختم کرنے کا کوئی فارمولہ نہیں ہے۔دہلی  ریاستی صدر نے کہا کہ غیر مجاز کالونیوں اور خاص طور پر دلت مسلم اکثریتی بستیوں کے باشندوں کے ساتھ بھارتیہ جنتا پارٹی اور عام آدمی پارٹی دونوں نے دھوکہ دہی کی سیاست کی، دونوں پارٹیوں نے غیر مجاز کالونیوں کے عوام سے ووٹ تو لیے لیکن انہیں نہ تو تعلیمی سہولیات دی اور نہ ہی صحت خدمات فراہم کرنے کا کام کیا، اس لیے اس بار کا انتخاب بھارتیہ جنتا پارٹی کے مظالم ،جمہوری حقوق کی پامالی اور عام آدمی پارٹی کے فریب کے خلاف ہے، دہلی کے عوام اس بار انتخابات میں دونوں پارٹیوں کو سبق سکھانے کا کام کریں گے۔ اتحاد المسلمین نے لوگوں کو ایک سیاسی آپشن دیا ہے، جس طرح سے ہمیں حمایت مل رہی ہے، اس سے صاف  ہے کہ 7 دسمبر کی آنے والی تاریخ دہلی میں ایک بڑی تبدیلی کا اعلان کرے گی۔انشاء اللہ

متعلقہ خبریں

Back to top button