دہلی زلزلے کے خطرات والے زون نمبر 4 میں شامل

بھارتی معیارات کے بیورو ( بی آئی ایس ) کے مطابق اور ماضی میں زلزلوں کی تاریخ کی بنیاد پر دلّی زلزلے کے خطرے والے زون نمبر 4 کے تحت آتا ہے ، جہاں زلزلے آنے کا خطرہ کافی زیادہ ہے اور یہ زلزلے 5 سے 6 شدت یا کبھی کبھی اس سے بھی زیادہ شدت کے ہو سکتے ہیں ۔ دلّی زیادہ خطرے والے علاقے میں واقع ہے ۔
سائنس اور ٹیکنا لوجی اور زمینی سائنس کے وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن نے آج راجیہ سبھا میں ایک تحریری سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ دلّی اور اس کے آس پاس آنے والے زلزلوں کا پتہ لگانے اور ان کا تعین کرنے کے لئے نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی ( این سی ایس ) کے ذریعے 16 جدید ترین زلزلے کے ٹیلی میٹری نظام کے اسٹیشن چلائے جا رہے ہیں ۔ اس نیٹ ورک کے ذریعے حاصل شدہ اعداد و شمار خطے میں ارضیاتی تبدیلی اور زلزلے سے متعلق بدلتی ہوئی صورت حال کو سمجھنے میں کارآمد ہوتے ہیں ۔ این سی ایس نے دلّی این سی آر کے لئے 1:10000 کے پیمانے پر زلزلے کے متعلق تعین کا مطالعہ مکمل کیا ہے ۔ سیسمک مائکرو زونیشن کے یہ نقشے مختلف مقامات پر ڈیزائن اور عمارتوں کی تعمیر اور ڈھانچے وغیرہ کے لئے انتہائی کارآمد ہوتے ہیں تاکہ زلزلے کی صورت میں عمارتوں اور انسانی جانوں کا کم سے کم زیاں ہو سکے ۔
شہری بلدیاتی اداروں کے انجینئروں کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرکے دلّی حکومت انجینئرنگ شاخ کی تکنیکی صلاحیتوں میں اضافہ کررہی ہے ۔