نیشنل

مہاراشٹرا کے اکولہ میں دو گروپوں میں پرتشدد جھڑپیں ، پتھراؤ اور گاڑیوں کو نقصان پہنچاتے کے واقعات _ دفعہ 144 نافذ

ممبئی _ مہاراشٹر کے اکولہ  کے پرانے شہر میں ہفتہ کی رات 11:30 بجے سوشل میڈیا پوسٹ پر دو گروپوں کے درمیان پرتشدد جھڑپیں ہوئیں جن میں چند  افراد زخمی ہو گئے۔ اس واقعے کے بعد انتظامیہ نے شہر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال قابو میں ہے۔

ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (اے ایس پی) مونیکا راوت نے کہا کہ پرتشدد تصادم میں ایک شخص کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔

پرتشدد تصادم کی ایک مبینہ ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں دونوں گروپوں کے ارکان کو ایک دوسرے پر پتھراؤ کرتے، گاڑیوں کو نقصان پہنچاتے اور سڑکوں پر ہنگامہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اکولا ضلع کلکٹر نیما اروڑہ نے کہا کہ پرتشدد جھڑپوں کے بعد شہر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق پرتشدد ہجوم نے کچھ گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔ بتایا جارہا ہے کہ معمولی جھگڑے کے بعد پیش آئے پرتشدد واقعہ کے بعد پرانے شہر کے پولس اسٹیشن کے پاس کافی بھیڑ جمع ہوگئی تھی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پرتشدد ہجوم نے علاقے میں کچھ گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ اس کے بعد پولیس نے طاقت کا استعمال کرکے حالات کو قابو میں کیا۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق ریاست کے ڈپٹی چیف منسٹر اور اکولہ ضلع کے انچارج وزیر دیویندر فڑنویس نے حالات پر نظر رکھتے ہوئے لوگوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی۔

 

اکولا کے ایس پی سندیپ گھُگے نے کہا کہ صورتحال فی الحال قابو میں ہے۔ ضلع کلکٹر کے حکم پر اکولہ شہر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ حالیہ دنوں میں اکولہ میں اس طرح کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ چند روز قبل اکوٹ فائل کے علاقے میں دو گروپوں میں پرتشدد تصادم ہوا تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button