جنرل نیوز

بچوں کے لیے سیرت کی چند اہم کتابیں (اردو زبان میں)

 

ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی

 

2011 میں راقمِ سطور کا پاکستان کا سفر ایک بہت یادگار سفر تھا ، جو ادارۂ تحقیقاتِ اسلامی ، بین الاقوامی اسلامی یونی ورسٹی ، اسلام اباد ، پاکستان کی طرف سے منعقدہ بین الاقوامی سمینار بہ عنوان ‘دور جدید میں سیرت نگاری کے رجحانات ‘ مورخہ 26 – 28 مارچ 2011 میں شرکت کے لیے ہوا تھا _ اس سمینار میں دنیا بھر سے 75 سے زائد مندوبین نے شرکت کی تھی _ ہندوستان سے آٹھ (8) رکنی وفد شریک ہوا تھا ، جس میں شمولیت کی راقم کو بھی سعادت حاصل ہوئی تھی _ میں نے اپنے لیے’برصغیر ہند میں بچوں کا سیرتی ادب (اردو زبان میں )’ عنوان منتخب کیا – سیمینار کی آرگنائزنگ کمیٹی نے یہ عنوان پسند کیا اور اس پر مقالہ لکھنے کی منظوری دے دی تھی –

یہ مقالہ بعد میں سہ ماہی تحقیقات اسلامی علی گڑھ ، جنوری – مارچ 2013 میں شائع ہوا – پھر سیمینار میں پیش کیے جانے والے مقالات کا مجموعہ ادارۂ تحقیقات اسلامی سے ‘دورِ جدید میں سیرت نگاری کے رجحانات’ کے عنوان سے کتابی صورت میں طبع ہوا تو اس میں بھی اسے شامل کیا گیا _ 2018 میں اسے مرکزی مکتبہ اسلامی پبلشرز نئی دہلی نے افادۂ عام کے لیے الگ سے کتابی صورت میں شائع کردیا تھا – اس کتاب میں بچوں کے لیے سیرت نبوی پر اردو زبان میں لکھی جانے والی 36 کتابوں کا تعارف کرایا گیا ہے _

سیرتِ نبوی پر بچوں کے لئے مختلف زبانوں میں کتابیں لکھی گئی ہیں _ اردو زبان میں بھی ایسی کتابیں خاصی تعداد میں ہیں – ان میں بچوں کے ذوق ، مزاج اور نفسیات کی رعایت کرتے ہوئے بہت آسان زبان اور دل کش اسلوب میں سیرتِ نبوی پر روشنی ڈالی گئی ہے – یہ کتابیں ادبِ اطفال کا قیمتی سرمایہ ہیں – بچوں میں ذاتِ نبوی سے محبت پیدا کرنے کے لیے انہیں ایسی کتابوں کا ضرور مطالعہ کروانا چاہیے _

یہ کتاب مرکزی مکتبہ اسلامی پبلشرز نئی دہلی سے حاصل کی جاسکتی ہے _ صفحات : 40 ، قیمت :28 روپے _
مکتبہ کا کسٹمر کیئر نمبر :7290092403_91+

اس کتاب کی پی ڈی ایف کے خواہش مند واٹس ایپ نمبر (9582050234_91+) پر رجوع کرسکتے ہیں _

متعلقہ خبریں

Back to top button