انٹر نیشنل

یکم محرم کو غلاف کعبہ تبدیل کرنے کےلیے تیاریوں کا آغاز

ریاض ۔ کے این واصف

غلاف کعبہ کی تبدیلی کے لیے تیاریوں کا آغاز کردیا گیا۔ کسوہ کعبہ کی تبدیلی کے لیے مقررہ ادارے کے سربراہ نے مختلف امور کا جائزہ لیا ہے۔عاجل نیوز کے مطابق شاہ عبدالعزیز کمپلیکس میں شعبہ فنی امورکے نگران انجینئرسلطان القرشی نے غلاف کعبہ کی منتقلی کےلیے استعمال ہونے والی بجلی کی گاڑیوں اوردیگر مشنری جن میں لفٹرز وغیرہ شامل ہیں کا جائزہ لیا۔

 

 

 

غلاف کعبہ کومسجد الحرام کے بیرونی دروازے سے مطاف تک پہنچانے کے لیے مخصوص راستے کا بھی تعین کیا گیا۔اس مخصوص راستے سے گزرکرغلاف کعبہ کووہاں تک لانا اوراس کے بعد کعبہ کی چاروں سمتوں میں غلاف کو لفٹر کے ذریعے بلند کرکے اسے کعبہ کی چھت تک لے جانے کے مراحل پر تفصیلی غور کیا گیا۔

 

 

 

دریں اثنا ادارہ امورحرمین شریفین کی جانب سے غلاف کعبہ کی تبدیلی کے لیے 15 افراد کو فنی تربیت بھی فراہم کی گئی ہے جن میں غلاف تیار کرنے والی فیکٹری کے انجینئرز اور فنی شعبے کے ماہرین شامل ہیں۔ واضح رہے کہ غلاف کعبہ تبدیلی کے تمام عمل کے دوران ہر ایک حصے کو علیحدہ علیحدہ کعبہ کے بالائی حصے پر لایا جاتا ہے جہاں سے پھر انہیں اتارا جاتا ہے اور پچھلا غلاف اتار لیا جاتا ہے۔ یہ عمل چار مرتبہ باری باری دہرایا جاتا ہے جب تک کہ نیا غلاف چڑھا نہ دیا جائے اور پرانا اتر نہ جائے۔

 

 

 

غلاف کعبہ کی تیاری کے لیے لگ بھگ 670 کلوگرام ریشم کو سیاہ رنگ میں رنگا جاتا ہے۔غلاف کعبہ کو قرآنی آیات سے سجایا جاتا ہے جنہیں سونے اور چاندی کے دھاگوں سے بُنا جاتا ہے۔ اس عمل میں 120 کلوگرام سونا اور 100 کلوگرام چاندی استعمال ہوتی ہے۔شاہ عبدالعزیز کسوہ کمپلیکس کے نگران اعلی امجد الحازی نے بتایا کہ’ غلاف کعبہ نئے سال ہجری کے پہلے روز تبدیل کیا جاتا ہے‘۔

 

 

 

عرب نیوز کے مطابق اس سے قبل کئی دہائیوں سے غلاف کعبہ (کِسوۃ) ہر سال حج کے دوران 9 ذوالحج کی صبح کو حجاج کے میدان عرفات روانہ ہونے کے بعد تبدیل کیا جاتا تھا۔ گزشتہ سال حرمین شرفین کی انتظامیہ نے روایت کی تبدیلی کے حوالے سے اعلان کیا تھا کہ غلاف کعبہ تبدیل کرنے کی سالانہ تقریب یکم محرم کو منعقد ہوگی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button