تلنگانہ

برقعہ پوش لڑکی کو طمانچہ رسید کرنے والا سب انسپکٹر معطل _ جگتیال ضلع کے مسلمانوں کے شدید احتجاج اور مجلسی قائدین کی اعلٰی عہدیداروں سے نمائندگی کے بعد فیصلہ

جگتیال _ 10 مئی ( اردولیکس) تلنگانہ کے جگتیال شہر میں برقعہ پوش لڑکی کو طمانچہ رسید کرنے اور اس کی ماں کے ساتھ بدتمیزی کرنے کے واقعہ میں محکمہ پولیس نے تادیبی کارروائی کے تحت خاطی سب انسپکٹر پولیس جگتیال رورل پولیس اسٹیشن انیل کو معطل کردیا ہے

اس واقعہ کے بعد جگتیال ضلع کے علاوہ تلنگانہ کے کئی علاقوں میں مسلمانوں نے شدید احتجاج کیا تھا اور خاطی سب انسپکٹر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا

اس واقعہ کی اطلاع کے بعد صدر مجلس بیرسٹر اسد الدین اویسی ایم پی نے ضلع ایس پی سے بات چیت کی تھی اور کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا تھا صدر مجلس کی ہدایت پر آج مجلس کے رکن اسمبلی جناب جعفر حسین معراج نے کریم نگر، جگتیال اور نظام آباد ضلع کے مجلسی قائدین کے ساتھ  جگتیال کا دورہ کیا اور متاثرہ لڑکی سے ملاقات کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کی۔ ان کے ہمراہ کریم نگر مجلس کے صدر غلام احمد حسین، سابق ڈپٹی میئر عباس سمیع، نظام آباد کے مجلسی قائدین ادریس ، جگتیال مجلس کے صدر یونس ندیم، کورٹلہ مجلس کے صدر محمد صابر اور دیگر موجود تھے

بعد ازاں مجلسی قائدین نے ضلع ایس پی اور ڈی ایس پی سے متاثرہ لڑکی کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے اس واقعہ پر شدید احتجاج کیا۔اور خاطی سب انسپکٹر کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ جس پر انسپکٹر جنرل ملٹی زون 1 چندرشیکھرر ریڈی نے سب انسپکٹر انیل کی معطلی کے احکامات جاری کردئے ۔

 

واضح رہے کہ منگل کو محمد فرح نامی نوجوان لڑکی اپنی والدہ کے ساتھ آرٹی سی بس میں سفر کررہی تھی اس دوران کریم نگر بس اسٹیشن میں سب انسپکٹر انیل کی بیوی بھی اسی بس میں سوار ہوکر فرح اور ان کی والدہ کے ساتھ سیٹ کے مسئلہ پر جھگڑا کیا تھا جس کے بعد سب انسپکٹر انیل نے بس جگتیال پہنچنے کے بعد بس کو درمیان میں روک کر لڑکی سے بحث کی اور طمانچہ رسید کردیا تھا

متعلقہ خبریں

Back to top button