بارش سے چوکس رہنے ضلع کلکٹر عادل آباد سکتا پٹنائک نے انتظامیہ کو ہدایت دی

عادل آباد _ ضلع کلکٹر عادل آباد شریمتی سکتا پٹنائک نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ شدید بارشوں کے پیش نظر ضلع میں کسی جانی یا مالی نقصان سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔اتوار کی شام ضلعی اور زونل عہدیداروں کے ساتھ ایک ہنگامی ٹیلی کانفرنس منعقد کرتے ہوئے عہدیداران کو ضلع کلکٹر نے مختلف ہدایات دی۔اس موقع پر کلکٹر نے کہاکہ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں میں ضلع میں شدید بارشوں کے لیے ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں اور اندرونی علاقوں کے لوگوں کو پانی میں جانے سے دور رکھاجائے کیونکہ شدید بارش کی وجہ سے نہروں تالابوں اور دریاؤں کے سیلاب کا خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مقامی عوامی نمائندوں کی مدد سے دیہاتوں میں خستہ حال پلوں سے عوام کو راحت پہنچانے نے اقدامات کیے جائیں۔اسی طرح ہر دو سے تین گھنٹے بعد حالات کی کلکٹریٹ کو رپورٹ بھیجنے کی بھی ہدایت دی۔ہنگامی حالات کے موقع پر کلکٹریٹ میں قائم کنٹرول روم نمبر 1800-425-1939 پر ربط کرنے کا مشورہ دیا۔اور عہدیداران کو اس بات کی ہدایت دی کہ کنٹرول روم نمبر دیہاتوں اور قصبوں میں چسپاں کیا جائے تاکہ یہ عوام کو معلوم ہو اور تمام واٹس ایپ گروپس پر پوسٹ کیا جائے۔

 

ضلع کلکٹر سکتا پٹنائک نے افسران کو اپنے متعلقہ ہیڈ کوارٹر میں رہنے کا حکم دیا۔ضلعی اور زونل حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ماضی میں شدید بارشوں سے ہونے والے نقصان کے پیش نظر پیشگی انتظامات کریں۔کلکٹر نے بارش کی وجہ سے دیہات میں شناخت شدہ مسائل کے علاقوں کا جائزہ لیا اور متعلقہ تحصیلداروں اور ایم پی ڈی اوز کی جانب سے زون بہ زون کی بنیاد پر کی جانے والی کارروائی کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر این نٹراج،آر ڈی او راجیشور،ضلع اور منڈل کے خصوصی افسران،ڈی پی آر او بھیم کمار موجود تھے۔