نوجوان قیادت کے لئے آنندی بین پٹیل ہوئیں مستعفٰی : وینکیا نائیڈو

مرکزی وزیرایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ نوجوانوں کو موقع فراہم کرنے کے مقصد سے ہی آنندی بین پٹیل نے استعفٰی دیا ہے۔ دہلی میں پارلیمنٹری بورڈ کے اجلاس کے بعد انھوں نے میڈیا کو بتایا کہ بورڈ نے چیف منسٹر گجرات کا استعفٰی قبول کرلیا گیا ہے۔ آنندی بین پٹیل آج گورنر سے ملاقات کرکے انھیں مکتوب استعفٰی حوالے کریں گی۔ انھوں نے ان خبروں کو مسترد کردیا جس میں کہا جارہا تھاکہ امیت شاہ کو گجرات کا چیف منسٹر بنایا جاسکتا ہے۔ اجلاس میں وزیراعظم نریندرمودی کے علاوہ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ، وزیر خارجہ سشما سوراج اور دوسرے بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر گجرات نے دو دن پہلے یہ کہتے ہوئے استعفٰی دے دیا تھا کہ ان کی عمر 75 سال ہوچکی ہے۔ انھوں نے استعفٰی وزیر اعظم نریندر مودی کو روانہ کیا تھا جس پر آج پارلیمنٹری بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں ان کے استعفٰی کو قبول کرلیا گیا۔