ہیلت

اترپردیش کے بجنور میں عوام کے لئے مفت ہیلتھ سنٹر کا قیام 

ریاض ۔ کے این واصف

مفت اور مستقل چلنے والے “شوگر اور بلڈ پریشر جانچ سینٹر “ کے قیام کے ساتھ ہم تعلیمی اداروں میں گُٹکا کھینی اور دیگر نشہ آوار اشیاء کے خلاف بھی بیداری مہم چلائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار ہیلتھ اینڈ ایجوکیشن پروموشن ٹرسٹ (ہیپٹ)کے سکریٹری غزال مہدی نے “سواستھ جاگروکتا ابھیان” (سوستھ نہٹور) کی شروعات اور اس کے تحت ایک شوگر اور بلڈ پریشر جانچ سینٹر کے قیام کی افتتاحی تقریب میں کیا۔ سنٹر کے جاری کردہ پریس نوٹ کے مطابق یہ سینٹر مہدی وِلا قصبہ نہٹور ضلع بجنور میں قائم کیا گیا ہے جس میں لوگوں کی جانچ بغیر کسی فیس کے کی جائے گی۔ یہ مستقل طور پر کام کرنے والا ایسا سینٹر ہوگا جو مریضوں اور ان کی دیکھ بھال کرنے والوں میں صحت سے متعلق بیداری پیدا کرے گا جس کے لئے خصوصی لکچر منظم کیے جائیں گے۔

غزال مہدی نے بتایا کہ سواستھ جاگروکتا ابھیان کے تحت جلد ہی تعلیمی اداروں میں گُٹکا کھینی اور دیگر نشہ آور اشیاء کے خلاف بیداری مہم شروع کی جائے گی۔ ہیپٹ کے صدر پروفیسر زبیر مینائی نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اس وقت شوگر کے مریضوں کی تعداد تقریباً چالیس کروڑ ہے جب کہ یہ تعداد آئندہ کچھ سالوں میں ستّر کروڑ تک پہنچنے کی توقع ہے، اس لئے اس مہلک مرض کے خلاف بیداری مہم کو چلانا بہت ضروری ہے۔ زبیر مینائی جامعہ کے سوشل ورک ڈیپارٹمنٹ میں پروفیسر ہیں۔ہیپٹ کے نائب صدر شیام سُندر اگروال نے کہا کہ شوگر ایک خطرناک مرض ہے جو بہت سے امراض کے وجود مین آنے کی وجہ بنتا ہے اس لئے اس کے خلاف سماج کے پڑھے لکھے لوگوں کو متحد ہو کر جاگروکتا مہم میں شامل ہونا چاہیے تاکہ موجودہ نسل اور آئندہ نسلوں کو اس کا شکار ہونے سے بچایا جا سکے۔

سرکاری پرائمری ہیلتھ سینٹر نہٹور کے نمائندہ، چیف کیمسٹ شجاع انصاری نے شوگر اور بلڈ پریشر جانچ سینٹر کے قیام پر غزال مہدی اور ان کے رفقاُ کو مبارکباد دی اور ان کی اس کوشش کو بیداری صحت کے میدان میں ایک اہم قدم بتایا۔ ہیپٹ کے خازن مہندر سنگھ منرال نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور کہا “اس سنٹر کی شروعات تو اُن کی ٹیم نے کر دی ہے لیکن اس کو مضبوطی سے اور اچھے ڈھنگ سے چلانے کے لئے عوام کا تعاون اور ان کی حصہ داری ضروری ہے”۔

تقریب کے مہمانِ اعزازی ریٹائیرڈ ڈپٹی سی ایم او (بجنور) ڈاکٹر ستّیہ کام نے شوگر کے حوالے سے بیداریِ صحت پر تفصیل سے روشنی ڈالتی۔ اس افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی “بجنور ٹائمز گروپ (چنگاری) کے ایڈیٹر سوریہ منی رگھو ونشی نے ضلع مجسٹریٹ اُمیش مشرا جی کی مبارکباد کا ایک تہنیتی پیغام غزال مہدی اور انکے ساتھیوں کو پیش کیا۔ سوریہ منی نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا، “آج کے دور میں اُن عام لوگوں کی زندگی کی فکر کرنا، ان کی اچھی صحت کی بات کرنا ایک عظیم کار خیر ہے۔ اس افتتاحی تقریب کے موقعہ پر سرکاری پرائمری ہیلتھ سنٹر نے شجاع انصاری کی قیادت میں شوگر اور بلڈ پریشر جانچ کرنے کے لئے اپنا اسٹاف مہیا کرایا جس سے کافی حاضرین نے اپنی جانچ کرا کر فائدہ اٹھایا۔ اس افتتاحی تقریب میں دو سو سے زاید سرکردہ شخصیات نے شرکت کر کے سنٹر کے ذمہ دارون کی حوصلہ افزائی کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button