جنرل نیوز

جناب سید وقار الدین قادری کے سانحہ ارتحال پر امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان کا اظہار تعزیت*

ملت اسلامیہ سچے بہی خواہ اور ہمدرد شخصیت سے محروم

جناب سید وقار الدین قادری کے سانحہ ارتحال پر امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان کا اظہار تعزیت

 

 

چیف ایڈیٹر روزنامہ رہنمائے دکن و صدر نشین انڈو عرب لیگ جناب سید وقار الدین قادری (المعروف وقار پاشاہ) کے سانحہ ارتحال پر امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے اسے ملت اسلا میہ،اردو صحافت، اور شہر حیدرآباد کا عظیم نقصان قرار دیا۔ مولانا حامد محمد خان نے کہا کہ جناب سید وقار الدین قادری صاحب نے زندگی بھر ملی مسائل اور امت مسلمہ کے کاز کے لیے انتھک جہدوجہد کی۔ انہوں نے ملک میں مسلمانوں کے مسائل حل کروانے کے لیے جہاں آواز بلند کی وہیں قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی کی بین الاقوامی تحریک کابھی حصہ بنے اور اسی وجہ سے وہ عالم عرب میں بھی قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے اور ان کی خدمات پر انہیں کئی ایک ایوارڈس سے نوازا گیا۔جوایک بڑ اعزاز ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے اخبار رہنمائے دکن کے ذریعہ اردو صحافت کو بلند مقام عطا کیا۔اور ملی مسائل کے حل کے کو دوٹوک انداز میں آواز بلند کی۔ مولانا حامد محمد خان نے کہا کہ وقار پاشاہ ہمیشہ ہی سے جماعت اسلامی ہند کی سرگرمیوں کو پسند فرماتے اور ہر طرح کے تعاون کے لیے تیار رہتے۔ کئی ایک ذمہ دارانِ جماعت کے ساتھ ان کے قریبی مراسم تھے۔ ان کی رحلت سے ملت اسلامیہ سچے بہی خواہ اور ہمدرد شخصیت سے محروم ہوگئی۔ مولانا حامد خان نے کہا کہ جناب وقار پاشاہ غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل شخص تھے،ساتھ ہی انتہائی منکسر المزاج، اعلیٰ ظرف اورمہمان نواز تھے۔مولانا حامد خان نے کہا کہ مرحوم وقار پاشاہ کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔امیر حلقہ نے اپنے دعائیہ کلمات میں کہا کہ اللہ تعالی ان کی بے لوث خدمات کو قبول فرمائے اورانکی مغفرت کا سامان کرے جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا کرے اور ملت اسلامیہ کو انکا بہترین نعم البدل عطا فرمائے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button