جنرل نیوز

سابق وزیرجناب محمد فرید الدین کا انتقال _ تلنگانہ کے مسلمان مخلص قائد سے محروم _ امیر حلقہ مولانا حامد محمد خان کا اظہار تعزیت

سابق وزیرجناب محمد فرید الدین کا انتقال‘ تلنگانہ کے مسلمان مخلص قائد سے محروم

امیر حلقہ مولانا حامد محمد خان کا اظہار تعزیت

 

جناب محمد فرید الدین سابق وزیر اقلیتی بہبود آندھراپردیش و سابق ایم ایل سی تلنگانہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کر تے ہوئے امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان نے اِسے ملت اسلامیہ بالخصوص مسلمانِ تلنگانہ کے بڑے نقصان سے تعبیر کر تے ہوئے مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی اور اُن کے پسماندہ گان سے اظہار تعزیت کیا۔ مولانا حامد محمد خان نے اپنے بیان میں کہا کہ مرحوم جناب محمد فرید الدین اپنے سیاسی کیرئیر میں ملی مسائل کو حل کروانے میں ہمیشہ پیش پیش رہے۔وہ تلنگانہ کے عوام کے دلوں میں ہمیشہ رہیں گے۔ امیر حلقہ نے کہا کہ وہ شخصی طور پر گزشتہ چالیس سال سے زائد عرصہ سے جناب محمد فریدالدین سے واقف تھے۔مرحوم، انتہائی سنجیدہ مزاج‘ کم گو‘ خاموش طبیعت‘انسان دوست اور ہمدرد شخصیت کے مالک اور ایک بہترین لیڈر تھے۔ اقلیتوں کے لئے اُن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔مولانا نے کہا کہ مرحوم ہمیشہ سے جماعت اسلامی ہند اور اس کی سرگرمیوں سے قریب رہے اور جب بھی جماعت کے کسی پروگرام میں انہیں مدعو کیا گیا وہ اپنی مصروفیات کے باوجود بھی ہمیشہ شریک رہتے۔امیر حلقہ نے کہا کہ کچھ ماہ قبل ظہیر آباد میں اسلامک سنٹر کے افتتاح کے موقع پر وہ تشریف لائے اور خطاب کیا تھا۔ ظہیر آباد میں آج نماز جنازہ سے قبل تعزیتی کلمات پیش کرتے ہوئے مولانانے کہا کہ سکریٹریٹ کی مساجد کے سنگ بنیاد کے موقع پر ان سے آخر ی ملاقات ہوئی تھی۔مولانا نے اس موقع پر کہا کہ جس عید گاہ میدان پر مرحوم کی نماز جنازہ ادا کی گئی اس عیدگاہ کے اراضی کی حفاظت و صیانت کے لئے موصوف نے کافی کوششیں کی تھی۔ اپنے دعائیہ کلمات میں مولانا نے موصوف کی مغفرت کی دعا فرمائی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے حسنات کو قبول فرمائے‘ لغزشوں کو درگزر فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اورلواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button