جنرل نیوز

ضلعی جمعیت اہلحدیث نظام آباد کا 12 واں اجتماع عام

 

ضلعی جمعیت اہلحدیث نظام آباد کا 12 واں اجتماع عام

مختلف عنوانات پر علمائے دین کے خطابات۔ مسلم و غیر مسلم برادران کی شرکت

نظام آباد/ بھیمگل:4/ جنوری (ای میل)تلگو داعی سراج الحسن نے آج انسان کدھر جارہا ہے کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے قرآن و حدیث، وید اور بائبل کے حوالے سے انسان کو اپنے رب سے مضبوط تعلق جوڑنے کی ترغیب دی اور کہا کہ انسان کی زندگی کا کوئی بھروسہ نہیں ہے کہ وہ کب اور کیسے اس دنیا سے چلا جائے لیکن انسان ہے کہ بس دنیا کے کمانے کے پیچھے لگا ہوا ہے۔ ہم ایک ایسے دور سے گذر رہے ہیں کہ آئے دن نئی نئی بیماریاں آرہی ہے کورونا وائرس، اومیکران وائرس نے لوگوں کا جینا دشوار کردیا ہے ایسے میں انسان کو چاہئے کہ وہ اپنے رب کو مانتے ہوئے زندگی گذاریں اور لوگوں کی خدمت کرتے رہیں۔ کورونا وائرس میں ہم نے ایسے حالات کو دیکھا کہ لوگ اپنے ہی والدین کو دفن کرنے سے پیچھے ہٹ گئے۔ کورونا سے متاثر ہونے پر بات کرنا بھی گوارہ نہیں سمجھے۔ تلگو داعی سراج الحسن نے اپنے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہندو مذہب کے لوگ اگر اپنے ویدو کو پڑھنے اور سمجھے تو ان کو اچھی اچھی باتوں پر عمل کرنے کا ذریعہ ملے گا

 

لیکن انہوں نے اپنی ہی کتابوں کو چھوڑ دیا اور نئے نئے طریقہ ایجاد کرلئے گمراہی میں پڑ گئے، راستہ سے بھٹک گئے۔ انہوں نے حدیث کا حوالا دیتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ؐ ارشاد فرمایا کہ اپنے محلہ میں اور اپنے معاشرہ میں کسی قسم کی برائی ہوتے ہوئے دیکھے تو اس کو روکو آج کے معاشرہ میں سود، زنا، چوری اور دوسری برائیاں عام ہوچکی ہے ہم تمام کو مل کر اس برائی کو روکنے کیلئے آگے آنا ہوگا۔ جمعیت اہلحدیث کی جانب سے جو پروگرام کرائے جارہے ہیں اس کا اہم مقصد ایک اللہ کی واحدنیت اور نبی کریم ؐ کے طریقہ پر عمل اور اپنے برادران وطن سے بھائی چارہ اور اتحاد ہے تاکہ ہمارا ملک ترقی کریں۔ فضیلتہ الشیخ یعقوب جامی نے جہیز کی لعنت کے عنوان پر ایک طنزیہ و مزاحیہ نظم پڑھی جو اپنے اندر ایک مقصد لئے ہوئے تھی جو آج کے معاشرہ میں جہیز کی وجہ سے کئی مسلم لڑکیاں گھروں میں بیٹھے ہوئی ہے اور کئی لڑکیوں کو جہیز کیلئے زندہ جلادیا جارہا ہے کئی لڑکیاں غیر وں کے ساتھ منہ کالا کرچکی ہے اس کی اہم جہیز ہے جلسہ عام میں سب سے عہد لیا کہ جہیز نہیں لیں گے اور جہیز کیلئے نہیں ستائیں گے۔ توحید کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سب کچھ اللہ کی توحید ہی ہے توحید نہیں تو کچھ نہیں۔ انہوں نے حدیث کا حوالے دیتے ہوئے کہا کہ بچہ اپنے دین پر پیدا ہوتا ہے اس کے ماں باپ اس کو فطرت سے ہٹادیتے ہیں

 

دوسرے مذاہب پر چلا جاتا ہے جو بچے پیدا ہونے کے بعد مرجاتے ہیں وہ جنت میں چلے جاتے ہیں جو لوگ توحید پر مرتے ہیں وہی جنت میں جائیں گے۔ انہوں نے ضلع جمعیت اہلحدیث نظام آباد کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اسے قبول فرمائیں۔ بھیمگل میں اتنے بڑے دینی جلسہ عام پر مبارکباد پیش کی۔ فضیلتہ الشیخ جاوید عثمان ربانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو اپنا خلیفہ بنایا اور فرشتوں کو حکم دیا کہ تم آدم کو سجدہ کرو اور آدم علیہ السلام کو اللہ تعالیٰ نے جنت میں رہنے کا حکم دیا پھر آدم علیہ السلام سے حوا علیہ السلام کوپیدا کیا جنت میں رہنے کا حکم دیا۔اللہ تعالیٰ نے آدم علیہ السلام اور حوا علیہ السلام کو جنت میں کپڑے پہنائے لیکن دور حاضر میں نوجوان نسل جسم کی نمائش کررہی ہے جو اللہ کے غضب کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ آدم اور حوا کی غلطی سے انہیں دنیا میں پھینک دیا گیا۔ انہوں نے نوجوان نسل کو جلد شادی کرنے کی دعوت فکر دی تاکہ گناہوں سے بچ سکے۔ نوجوان نسل کو سیل فون کے غلط استعمال کرنے سے دور رہنے کی تلقین کی۔

 

عبدالواجد امیر ضلعی جمعیت اہلحدیث نظام آباد کی زیر صدارت محمد وجہہ اللہ خان ضلعی ناظم کی زیر نگرانی منعقدہ جلسہ عام کا محمد شاکر امیر مقامی بھیمگل کی تلاوت کلام پاک سے جلسہ عام کا آغاز ہوا۔ حافظ عامر مرحبا نے جلسہ کی نظامت کی۔ حافظ عرفان نے استقبالیہ پیش کیا۔ جلسہ عام میں مقامی سرپنچ و نائب سرپنچ، ویلپور سرپنچ، زیڈ پی ٹی سی، پنچایت ممبر، معاون ممبر کے علاوہ برادران اسلام غیر مسلم برادران وطن کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نظام آباد ضلع جمعیت اہلحدیث کے ذمہ داران محمد عارف خازن، خلیل احمد نائب امیر، محمد صابر، نائب ناظم، مقامی ذمہ دار موجود تھے۔ عبدالواجد نے اپنے صدارتی خطاب میں تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا

متعلقہ خبریں

Back to top button