جنرل نیوز

رائچور شہر کی ترقی کے لئے کئے جائینگے ہر ممکنہ اقدامات۔ محمد شاہ عالم 

رائچور۔ کرناٹک کے رائچور میں سیاسی گہماگہمی اور ہلچل کے علاوہ طویل انتظار کے بعد آخر کا ر کانگریس کی جانب سے پارٹی امیدوار کے نام کا اعلان کیاگیا۔ رائچور شہری اسمبلی حلقے سے معروف نوجوان لیڈر محمد شاہ عالم کا نام شامل کرتے ہوئے کانگریس پارٹی نے آخری فہرست جاری کی۔ محمد شاہ عالم کو اے آئی سی سی سکریٹری اور سابق رکن قانون ساز کونسل این ایس بوس راجو اور انکے فرزند معروف نوجوان کانگریس لیڈر روی بوس راجو کی حمایت حاصل ہے۔ محمد شاہ عالم نے روی بوس راجو اور سابق زیڈ پی رکن محمد بشیر الدین اور دیگر لیڈروں کے ہمراہ پرچہ نامزدگی داخل کی۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے سے پہلے محمد شاہ عالم کے حامیوں اور انکے چاہنے والوں کی جانب سے ایک بڑی ریلی نکالی گئی۔ جس میں کثیر تعداد میں کانگریس پارٹی کے لیڈروں، کارکنوں اور نوجوانوں نے حصہ لیا۔ بعد میں روی بوس راجو نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ رائچور میں کانگریس پارٹی کی کامیابی یقینی ہے، کیونکہ بی جے پی دور حکومت میں بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں میں اضافہ سے لوگ پریشان ہیں۔ انہوں نے کہاکہ رائچور کے عوام بھی تبدیلی چاہ رہے ہیں۔ سینئر کانگریس لیڈر سید جاوید الحق ایڈوکیٹ نے کہا کہ محمد شاہ عالم ایک سیکولر لیڈر ہیں اور انکی کامیابی کے لئے تمام ملی و سماجی رہنماوں کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ محمد شاہ عالم نے ٹکٹ دینے پر کانگریس پارٹی کے لیڈروں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے رکن اسمبلی کی حیثیت سے کامیابی کے بعد رائچور شہر کی ترقی کے لئے ہر ممکنہ اقدامات کرنے کا یقین دلایا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button