تلنگانہ

جامعہ ریاض الصالحات کا5واں سالانہ جلسہ تقسیم اسنادوعطائے خلعت کا انعقاد

جامعہ ریاض الصالحات کا5واں سالانہ جلسہ تقسیم اسنادوعطائے خلعت کا انعقاد

امیرحلقہ مولانا حامدمحمدخان،پروفیسر ڈاکٹرسید جہانگیر،محترمہ آسیہ تسنیم،محترمہ حمیرہ نشاط ودیگرکا خطاب

 

جامعہ ریاض الصالحات کا5واں سالانہ جلسہ تقسیم اسنادوعطائے خلعت آج بروز اتواررشید فنکشن ہال،روبرومسلم جنرل ہاسپٹل اعظم پورہ حیدرآباد پر زیر صدارت امیرحلقہ جماعت اسلامی ہندحلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمدخاں منعقد ہوا۔اس موقع پر39 طالبات کو عا لمیت،18 طالبات کو فضیلت کی سند اور10 طالبات کوحفظ قرآن مجید کی سعادت حاصل کرنے پرسند اور خلعت سے نوازا گیا۔مہمان خصوصی مولانا ڈاکٹر پروفیسر سید جہانگیر، ایفلویونیورسٹی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں جامعہ کے منتظمین اور طالبات کومبارکباد دی انہوں نے کہاکہ طالبات خیر کے کاموں میں ہمیشہ سرگرم رہیں۔ساتھ ہی انہوں نے طالبات کوعربی زبان پرعبوراور دسترس حاصل کرنے کامشورہ دیا۔

حافظ محمدرشاد الدین ناظم شہرجماعت اسلامی ہند عظیم ترحیدرآباد نے اپنے خطاب میں کہا کہ اعمال صالحہ سے اپنی زندگیوں کو آراستہ کریں۔ اعمال صالحہ سے ایمان تازہ رہتا ہے۔ ناظم شہرنے کہا کہ جنت عمل کا بدلہ نہیں ہے لیکن خدا کا فضل انہی پر ہوگا جوعمل صالح کریں گے۔ اسی لیے کہا گیا کہ علم کے ساتھ عمل مطلوب ہے۔محترمہ آسیہ تسنیم صاحبہ،ریاستی ناظمہ شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ نے کہا کہ علم انسان کو مقصد حیات وشعور عطا کرتا ہے۔محترمہ آسیہ تسنیم نے کہا کہ انسان کی حیثیت دنیا میں خلیفہ کی ہے ہم صرف اُسی کی اطاعت میں زندگی گذاریں۔انہوں نے طالبات کواپنی زندگیوں میں یقین محکم اور عمل پیہم پر عمل پیراہونے کی تلقین کی۔محترمہ حمیرہ نشاط،صدرمعلمہ جامعہ ریاض الصالحات نے کہا کہ علم حاصل کرنے کو اسلام نے لازم قراردیاہے۔علم ہی کے ذریعہ اللہ کی معرفت حاصل ہوتی ہے۔صدارتی خطاب میں امیرحلقہ تلنگانہ مولانا حامدمحمدخان نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شخصیت کی عمارت کو ہم خود تعمیر کریں۔شخصیت کی تعمیرکیلئے کسی اور پر منحصر نہ رہیں۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ جامعہ ریاض الصالحات بہت کم وقت میں تیزی سے ترقی کررہا ہے۔یہاں کی طالبات دینی علوم کے ساتھ ساتھ دیگر زبانوں میں بھی تعلیم حاصل کررہی ہیں اوریہاں تعلیم حاصل کرتے ہوئے عثمانیہ یونورسٹی اور مولانا آزاد یونیورسٹی سے گریجویشن بھی مکمل کررہی ہیں

۔پروگرام کے آخر میں ڈاکٹر سیدعبدالجبار عمری صدر انتظامی کمیٹی نے تمام مہمانان اوراولیائے طالبات کاشکریہ ادا کیا۔ اس موقع پرجناب محمداظہرالدین سکریٹری رابطہ عامہ، محترمہ ظہیرفاطمہ‘ ناظمہ شہر‘جناب مرزا اعظم علی بیگ سکریٹری جامعہ ریاض الصالحات،امرائے مقامی جناب علی احمد صابر صاحب،جناب محمدعماد الدین،جناب سیدمحمدعبدالقادرناصر صاحب، جناب خسرو پرویز سکریٹری جامعہ ریاض الصالحات برانچ ٹولی چوکی کے علاوہ اساتذہ ومعلمات،فارغ طالبات،معززین شہراوراولیائے طالبات کی کثیر تعدادموجود تھی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button