تلنگانہ

کانگریس نے وعدوں کی بوچھاڑ کردی ۔ سونیا گاندھی کا حیدرآباد میں جلسہ عام سے خطاب

حیدرآباد: کانگریس پارٹی نے آج تلنگانہ میں جاریہ سال کے اواخر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر عوام پر وعدوں کی بوچھاڑ کردی۔ شہر کے مضافات میں واقع تکوگوڑہ میں پارٹی کی جانب سے منعقدہ بھاری جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس قائد سونیاگاندھی نے ریاست کی عوام کے لئے 6 ضمانتی اسکیمات کا اعلان کیا

 

 

جس میں مہالکشمی اسکیم کے تحت ہر خاتون کو ماہانہ 2500/- روپے، 500/- روپے میں گیاس سلنڈر اور خواتین کو آرٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت، اندرماں مکانات اسکیم کے تحت بے گھر افراد کو مکان کی تعمیر کے لئے 5 لاکھ روپے کی مالی امداد، علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تحریک میں شہید ہونے والے تمام افرادکے ہر خاندان کو 250 گز زمین

 

 

رعیتو بھروسہ اسکیم کے تحت کسانوں اور قولدار کسانوں کو فی ایکر 15000 روپے کی مدد، زرعی مزدوروں کو سالانہ 12 ہزار روپے کی امداد اور دھان کی فصل پر فی کنٹل 500 روپے بونس، گروہاجیوتی اسکیم کے تحت ہر خاندان کو 200 یونٹ تک مفت برقی کی سربراہی، نوجوانوں کی ترقی کی اسکیم کے نام پر طلبہ کو 5 لاکھ روپے کے تعلیمی اخراجات کے لئے بھروسہ کارڈ اور ہر منڈل میں تلنگانہ

 

 

انٹرنیشنل اسکول کا قیام، بافندوں کو ہر ماہ 4 ہزار روپے وظیفہ اور آروگیہ شری اسکیم کے تحت ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے کا بیمہ کروانے کا وعدہ کیا ہے۔ سونیاگاندھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ 17 ستمبر کا دن تلنگانہ کے لئے ایک خوشی کا دن ہے کیوں کہ اس دن نظام دورحکومت سے تلنگانہ کے عوام کو آزادی ملی تھی۔ اتنے پرمسرت دن کے موقع پر وہ ریاست کی عوام کے لئے 6 ضمانتوں کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہی ہیں۔

 

 

انہوں نے کہا کہ ان کا خواب ہے کہ کانگریس پارٹی تلنگانہ میں اقتدار پر آئے۔ انہوں نے ریاست کی عوام سے خواہش کی کہ وہ ان کے خواب کو پورا کریں۔ اس موقع پر سونیاگاندھی نے بوئن پلی میں راجیوگاندھی نالج ٹریننگ سنٹر کے کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button