تلنگانہ

حضور غریب نواز کی شان میں گستاخی ناقابل قبول  _ بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنکھ کے خلاف متحدہ مجلس مشائخ کی شکایت درج 

 

حیدرآباد پریس ریلیز (6جون) سلطان الہند حضرت خواجہ معین الدین چشتی غریب نواز کی شان اقدس میں بی جے پی ایم ایل اے راجہ سنگھ کی جانب سے متنازعہ و گستاخانہ بیان کے باعث قومی و بین الاقوامی سطح پر سخت بے چینی و اضطراب برپا ہوا ہے اور سینکڑوں عقیدت مندان کے جذبات مجروح ہوۓ ہیں – اس سلسلہ میں شہر حیدرآباد کے ممتاز علماء و مشائخ پر مشتمل متحدہ مجلس مشائخ کے ایک نمائندہ وفد نے ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ زون جناب پی سائ چیتنیا آئ پی ایس کے دفتر واقع پرانی حویلی میں ملاقات کی اور اپنے شدید رنج و غم کا اظہار کیا –

ذمہ داران وفد نے راجہ سنگھ کے گستاخانہ بیان پر سخت احتجاج درج کروایا اور فی الفور گرفتاری کا مطالبہ کیا – ارکان نے ماضی قریب میں بھی راجہ سنگھ کے مختلف متنازعہ بیانات کا حوالہ پیش کیا اور شدید خدشہ ظاہر کیا کہ اس قسم کے بیانات پر فوری قدغن نہ لگایا گیا تو ملک و بیرون میں شدید احتجاج بھڑک سکتا ہے اور ملک کی سالمیت نیز گنگا جمنی تہذیب متاثر ہوسکتی ہے –

تاہم ارکان وفد کو محکمہ پولیس کی جانب سے تیقن دیا گیا کہ ضروری تحقیقات کے بعد خاطی کے خلاف سخت قانونی کاروائ کی جائیگی -معزز ارکان نے شکایت کے ساتھ راجہ سنگھ کے بیان پر مشتمل آڈیو اور ویڈیو سی ڈی بھی ثبوت کے طور پر پیش کی –

وفد میں متحدہ مجلس مشائخ کے بانی ارکان مولانا سید احمد الحسینی سعید القادری ، مولانا سید آل مصطفی قادری الموسوی الجیلانی علی پاشاہ ، مولانا سید شیخن احمد شطاری کامل پاشاہ ، مولانا سید آل رسول قادری الموسوی حسنین پاشاہ ، مولانا سید سیف اللہ حسینی باقری سیف پاشاہ ، مولانا سید آل محمد قادری الموسوی شبر پاشاہ ایڈوکیٹ ہائ کورٹ اور مولانا سید قادر محی الدین قادری جنید پاشاہ شامل تھے – اجلاس میں ایڈیشنل ڈی سی پی جناب سید رفیق صاحب کے علاوہ کثیر تعداد میں پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے ذمہ داران موجود تھے –

متعلقہ خبریں

Back to top button