جنرل نیوز

26/جون کو کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی چنچل گوڑہ جونیر کالج گراونڈ پر چھٹویں عظیم الشان تحفظ ِ ناموس رسالتؐ کانفرنس 

مہمان مقررین عالمی شہرت یافتہ عالم دین علامہ توصیف رضا خان (بریلی شریف) ، علامہ مفتی سلمان ازہری (جامعہ ازہرمصر) ، علامہ احمد رضا منظر ی ( بریلی )  کا مختصر تعارف

حیدرآباد۔24/جون2022ء ( راست ) محمد شاہد اقبال قادری (صدر رحمت عالم کمیٹی) ـ و ڈاکٹر عظمت رسول کی اطلاع کے بموجب کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی عظیم الشان فقید المثال چھٹویں تحفظ ناموس رسالت ؐکانفرنس کا انعقاد 26/جون 2022ء بروزاتوار بعد نمازِ عشاء بمقام : گورنمنٹ جونیر کالج گراؤنڈ چنچل گوڑہ پر عمل میں آئیگا ۔

کانفرنس کی صدارت حضرت مولانا سید خلیل اللہ شاہ بابا قادری قدرتی محبوبی صاحب ، سرپرستی حضرت مولانا سید محمد شاہ قادری ملتانی صاحب، نگرانی عالیجناب محمد شوکت علی صوفی صاحب کرینگے ۔

اس عظیم الشان کانفرنس میں پہلے مہمانِ مقرر کی حیثیت سے تشریف لانے والے عالمی شہرت یافتہ ممتاز عالم دین ، مفکر اسلام ، سیاح یوروپ وآفریقہ ، نبیرۂ اعلیٰ حضرت ، حضور توصیف ِ ملت حضرت علامہ توصیف رضا خان صاحب قبلہ(بریلی شریف) کی شخصیت محتاج تعارف نہیں ۔ آپ ہندوستان کی عظیم اسلامی و روحانی شخصیت اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان صاحب فاضل بریلی علیہ الرحمہ کے نبیرہ ہیں ، آپ اس خانوادئہ کے چشم و چراغ ہیں جسکی دینی خدمات اور علمی لیاقت سارے ہندوستان ہی نہیں بلکہ ساری دنیا میں مانی جاتی ہے آپ کے خانوادئہ کی تعلیم و تربیت کے مطابق آپ ہمہ تن دین اسلام کی ترویج و اشاعت میں مصروف رہتے ہیں ، آپ دینی خدمات کیلئے یوروپ ، آفریقہ و ایشیاء کے کئی ممالک کے دورہ کرچکے ہیں اور آپ کے فیضانِ علمی و روحانی سے لاکھوں دلوں نے جلا پائی ہے کمیٹی کی دعوت پر پہلی بار آپ حیدرآباد تشریف لارہے ہیں ۔ جو حیدرآباد دکن کی عوام کیلئے ایک اعزاز ہوگا ۔

کانفرنس میں تشریف لانے والے دوسرے مہمان مقرر عالمی شہرت یافتہ اسلامک اسکالر ،مفکر اسلام حضرت العلامہ مفتی سلمان ازہری حفظہ‘ اللہ (فاضل جامعہ ازہر) کی شخصیت محتاجِ تعارف نہیں ہے ، آپ کی ذات ِ گرامی شب و روز دین متین کی تبلیغ و اشاعت میں مصروف رہتی ہے ۔ آپ کا سلسلہ نسب خلیفہ ٔ اول حضرت سیدنا ابوبکر صدیق ؓسے ملتا ہے آپ ایک عظیم علمی گھرانہ سے تعلق رکھتے ہیں آپکے والد گرامی حضرت مولانا محمد بن حسن مصباحی صاحب شاگرد حضور حافظ ملت و مرید مفتی اعظم ہند تھے۔ آپکے دادا مولانا حسن مصلیار ‘ قاضی ٔاسلام نداوارم کالی کٹ ‘کیرلا ایک عظیم علمی شخصیت گذرے ہیں ۔ آپ نے حفظ القرآن جامعہ اشرفیہ مبارک پور سے کیا ، عالمیـت و فضیلت کی سند آپ کو الجامعۃ الغوثیہ ممبئی سے حاصل ہے آپ نے حضور تاج الشریعہ ؒکے ادارہ جامعۃ الرضا بریلی شریف سے کامل الفقہ کی سند حاصل کی اور جامعۃ الازہر مصر سے فاضل کی سند رکھتے ہیں ۔ آپکے فیضان خطابت سے ہزارہا افراد نے اپنے دلوں کو نورِ ایمان سے مزین کیا اور کئی نوجوان دین متین کی خدمات میں شامل ہوچکے ہیں۔ کمیٹی کی دعوت پر خصوصی طور پر آپ حیدرآباد تشریف لارہے ہیں جو حیدرآباد دکن کی عوام کیلئے ایک اعزاز ہوگا ۔تیسرے مہمان مقرر عالمی شہرت یافتہ عالم دین ، خطیب الہند حضرت العلامہ محمد احمد رضا منظری (بریلی شریف )کی شخصیت محتاج تعارف نہیں ۔ آپکا شمار ہندوستان کے اکابر علمائے اہل سنت میں ہوتا ہے آپ جامعہ منظر اسلام بریلی شریف سے فارغ ہیں ۔ آپکے خطابات ہندوستان کی ریاستوں ممبئی ، اترپردیش ، مغربی بنگال ، آسام کے علاوہ بیرون ملک ساوتھ افریقہ ، ڈربن و دیگر ممالک میں مقبول و معروف ہیں ۔ آپکے فیضانِ خطابت سے لاکھوں لوگ فیضیاب ہوچکے ہیں ۔مقامی علماء کرام میں حیدرآباد دکن کے عظیم علمی و روحانی خانوادئہ شرفی چمن کے چشم و چراغ حضرت العلامہ ڈاکٹر سید شاہ عبدالمعز حسینی رضوی قادری شرفی صاحب (کامل الحدیث جامعہ نظامیہ)کا بھی خصوصی خطاب ہوگا ۔ مہمانان ِ خصوصی کی حیثیت سے مولانا حافظ سید شاہ محمد حسینی پیر الحسینی الرضوی القادری الطاہری ، حضرت مولانا محمد اخلاق اشرفی ، حکیم ایم اے ساجد قادری ملتانی صاحب ، ڈاکٹر حیدر یمنی ، ڈاکٹر مجیب شاہد ، ڈاکٹر محمد عظیم برکاتی (ایڈوکیٹ) ، ڈاکٹر سید خالد ، ڈاکٹر سید قمر قادری ، ڈاکٹر غوث قادری ، جناب سید اعزاز محمد ( مالک اعجاز پریس) شرکت کرینگے ۔ صدر استقبالیہ عالیجناب مرزا نثار احمد بیگ نظامی صاحب ( ایڈوکیٹ سپریم کورٹ) خطبہ استقبالیہ پیش کرینگے ۔ اس کانفرنس میں تحفظ ناموس رسالت ﷺ اور مسلمانوں کی ذمہ داریاں ، عصر حاضر میں دشمنان اسلام کی سازشیں اور اس کا سدِ باب ، شان رسالتمآب ﷺ میں گستاخی اور اسکی سزا ، نوجوان نسلوں کے ایمان و عقیدہ کا تحفظ جیسے عنوانات بصیرت افروز و فکر انگیز خطابات ہونگے ۔ محمد شاہد اقبال قادری ( صدر رحمت عالم کمیٹی ) نے کہا کہ سابقہ جلسوں و کانفرنسوں میں فرزندان توحید کی کثیر تعداد کو دیکھتے ہوئے گورنمنٹ جونیر کالج گراونڈ چنچل گوڑہ پر وسیع تر نشستوں کے خصوصی انتظامات کئے جائینگے ۔ پینے کے پانی اور پارکنگ کی بہتر سہولت رہیگی۔ محمد عادل اشرفی ، محمد قادر خان قادری ، محمد عبدالمنان عارف قادری ، محمد عبدالکریم رضوی ، سید طاہر حسین قادری ، محمد عبید اللہ سعدی قادری شرفی ، مولانا ممتاز اشرفی نے تمام برادران اسلام سے حالات کے پیش نظر اس عظیم الشان کانفرنس کو وقت کی اہم ترین ضرورت سمجھتے ہوئے کثیر تعداد میں شرکت کی گذارش کی ہے

عامتہ المسلمین سے گذارش ہے کہ اس عظیم الشان کانفرنس میں کثیر تعداد میں شرکت فرماکر اس کانفرنس کو کامیاب بنائیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button