جرائم و حادثات

دودھ میں صحت کیلئے نقصان دہ کمیکلز کی ملاوٹ۔ تلنگانہ میں نقلی دودھ فروخت کرنے کا پردہ فاش

حیدرآباد: آج کل سب چیزوں میں ملاوٹ کی جارہی ہے۔ دودھ، تیل اوردیگر کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ کی جارہی ہے۔ خاص طور پر جو دودھ اور چائے ہم صبح پیتے ہیں اس میں ملاوٹ ہو رہی ہے۔ دودھ میں پانی ملانا تو عام بات ہوگئی لیکن اب اس میں کیمیکل ملایا جا رہا ہے۔ ڈاکٹروں نے خبردار کیا ہے کہ اگر آپ ان کیمیکلز سے تیار دودھ پیتے ہیں تو آپ آہستہ آہستہ دائمی بیماریوں کا شکار ہو جائیں گے۔ یادادری بھواناگیری ضلع کے بھودھن پوچم پلی منڈل کے بھیماناپلی میں پولیس نے ایک دودھ کے تاجر کو گرفتار کیا جو ہائیڈروجن پیرو آکسائیڈ اوردودھ کے پاؤڈر کے ساتھ ملاوٹ شدہ دودھ بنا رہا تھا ۔
کنڈلا بوچی ریڈی کچھ عرصے سے دودھ کا کاروبار کررہا ہے وہ مقامی کسانوں سے دودھ اکٹھا کرتا ہے۔ ہر روز وہ ہوٹلوں، کئی سویٹ ہاؤسز اور لوگوں کو دودھ بیچتا ہے۔ وہ کسانوں سے جمع کی گئی دودھ کی تھوڑی مقدار میں ہائیڈروجن پیرو آکسائیڈ اور دودھ کے پاؤڈر کا استعمال کرکے ملاوٹ شدہ دودھ تیار کرتا ہے تاکہ دودھ گاڑھا ہوجائے۔ وہ کئی سالوں سے نقلی دودھ کا یہ کاروبار جاری رکھے ہوئے ہے، اطلاع ملنے پرپولس نے کنڈلا بوچی ریڈی کے گھر کی تلاشی لی اور 110 لیٹر نقلی دودھ، 100 ملی لیٹر ہائیڈروجن پیرو آکسائیڈ اور 3 کیلو دودھ کا پاؤڈر ضبط کیا۔ ملزم کنڈلا بوچی ریڈی کو مقامی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ایسے کیمیکلز کے استعمال سے بیمار ہونا یقینی ہے۔ ڈٹرجنٹ اور کیمیکل کے امتزاج سے دودھ سفید اور صاف نظر آتا ہے۔ ڈاکٹروں نے خبردار کیا ہے کہ اس دودھ کو پینے سے معدے کے مسائل اور اسہال ہو سکتے ہیں۔ ہائیڈروجن پیرو آکسائیڈ کے ساتھ ملا ہوا دودھ پینے سے گردے متاثرہوتے ہیں۔ یہ ہاضمہ کے مسائل کا باعث بن سکتا ہے. ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ السر کا مسئلہ بڑھ جاتا ہے اور پیٹ میں جلن شروع ہوجاتی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button