جنرل نیوز

مصنفہ محترمہ غوثیہ بیگم وقار ؔکی کتاب ”رحمٰن کا پیغام انسانیت کے نام“کی اشاعت

امیرحلقہ تلنگانہ مولانا حامدمحمدخان کے ہاتھوں رسم اجراء

محترمہ غوثیہ بیگم وقار ؔصاحبہ(رکن جماعت اسلامی ہند،کھمم) کی دوسری تصنیف رحمن کا پیغام انسانیت کے نام کا رسم اجراء اسلامک سنٹر لکڑکوٹ حیدرآباد پر امیرحلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ مولانا حامدمحمدخان کے ہاتھوں ذمہ داران جماعت حلقہ تلنگانہ کے تربیتی اجتماع کے موقع پر عمل میں آیا۔ اس موقع پر امیرحلقہ مولانا حامدمحمدخان نے کہا کہ ملت اسلامیہ میں ر دینی شعور بیدار کرنے اور انھیں قرآن و سنت سے قریب کرنے میں یہ کتاب مددگارومعاون ثابت ہوگی۔ کتاب کا مقدمہ ڈاکٹر عبدالرشید ندوی مدنی (نائب امیرشریعت مرہٹھواڑہ‘اورنگ آباد) نے لکھا ہے جبکہ جناب سید عبدالباسط انور (سکریٹری شعبہ تربیت جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ) اور مولانا رحمت اللہ شریف (سابق امیرحلقہ آسام) نے اپنے بہترین تاثرات قلمبندکئے ہیں۔

 

پیشہ سے مدرس رہیں محترمہ غوثیہ بیگم وقار صاحبہ کا تعلق کھمم ضلع سے ہے اوروہ ریٹائرڈ ٹیچر ہیں۔اس سے قبل وہ آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس اسوسی ایشن ویمن ونگ کھمم کی سابقہ کنوینر بھی رہ چکی ہیں۔ اس سے قبل ان کی پہلی تصنیف اوصاف ِ صاحبِ گلزار حضرت ابراھیم ؑشائع ہوکرقارئین میں پذیرائی حاصل کرچکی ہے۔ رحمن کا پیغام انسانیت کے نام اس کتاب میں مؤلفہ نے قرآن مجید کے منتخب سورتوں کی مختصر اور جامعہ تفسیر و تشریح پیش کی ہے۔ جبکہ نماز‘قرآن،رمضان،تقویٰ جیسے اہم موضوعات پر بہترین حاصل مطالعہ پیش کیا ہے۔ 192 صفحات پر مشتمل یہ کتاب پڑھنے والوں کے علم میں اضافہ اور عمل پراُبھارنے کا بہترین ذریعہ ثابت ہوسکتی ہے۔ کتاب جناب امین احمد(نوازگرافکس،حیدرآباد) 7013444052سے بلا معاوضہ حاصل کی جاسکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button