این آر آئی ووٹرس کیلئے آن لائن سروے

بھارت کے الیکشن کمیشن نے ملک کے باہر سمندر پار رہنے والے بھارتی شہریوں یعنی این آر آئیز میں ووٹنگ کے عمل کے تئیں بیداری کی سطح اور رجسٹریشن اور ووٹنگ عمل کے سلسلے میں اُن کی دلچسپی کا اندازہ کرنے کے لئے ایک آن لائن سروے شروع کیا ہے ۔ اِس سروے کا مقصد یہ ہے کہ سمندر پار بسے ہوئے ووٹ دہندگان کے ذریعے کرائے جانے والے رجسٹریشن اور شرکت کی شرح کا اندازہ کیا جا سکے ۔ یہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد سروے ہے ، جسے بھارت کے الیکشن کمیشن نے ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف سوشل سائنسز ( ٹی آئی ایس ایس ) کے تعاون اور اشتراک سے شروع کیا ہے ، جو سمندر پار بسے ہوئے بھارتیوں کے خیالات اور ووٹنگ ترجیحات جمع کرنے میں اپنی خدمات دےگا ۔
اس سروے کی مدد سے نہ صرف یہ کہ اطلاعاتی خلیج کی شناخت ممکن ہو سکے گی بلکہ ووٹنگ کا ایک ایسا ترجیحاتی طریقہ بھی حاصل ہو سکے گا، جسے آگے چل کر حکومت اور قانون سازوں کےساتھ ساجھا کیا جا سکے گا ۔ اس سلسلے میں متعلقہ لنک کو درج ذیل ویب سائٹ پر دیکھا جا سکتا ہے :
www.everyvotecounts.in سروے کے علاوہ ، الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ایک آن لائن مقابلہ بھی شروع کیا ہے ، جو اسی پہل قدمی کا ایک حصہ ہے ، جس کا مقصد یہ ہے کہ نشان زد آبادی کو اس کام سے وابستہ کیا جا سکے اور اس کوشش میں اُن کا تعاون حاصل کیا جا سکے ۔ اس کے تحت ، ’ ہر بھارتی کے ووٹ کی اہمیت ہے ‘ کا اصول اپنایا گیا ہے ۔ مقابلے کے تحت مندوبین اپنے اصل اندراجات کو اس طرح کے زمروں مثلاً نعروں ، گیتوں ، پوسٹروں ، فوٹو گرافوں ، مضامین ، مختصر فلموں اور سمعی اور بصری فارمیٹ میں داخل کر سکتے ہیں ۔ کامیاب قرار دیئے جانے والے اندراجات بھیجنے والے حضرات کو بھارت کا سفر کرنے کا موقع دیا جائے گا اور بھارت کے الیکشن کمیشن کے ذریعے قومی ووٹرس ڈے یعنی 25 جنوری ، 2017 ء کو نئی دلّی میں اعزاز سے نوازا جائے گا ۔
یہ سروے نومبر ۔ دسمبر ، 2016 ء کے دوران جاری رہے گا ، جب کہ آن لائن کمپٹیشن ماہ نومبر کے دوران ہی مکمل ہوجائے گا ۔ چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر نسیم زیدی نے سمندر پار رہائش پذیر ہندوستانیوں کو اپنی جانب سے ایک پیغام بھی ارسال کیا ہےا ور تمام افراد کو بھارت کے الیکشن کمیشن کے اس تاریخی اقدام میں شریک ہونے کی دعوت دی ہے ۔