منتھنی کے مدھوکر کی نعش کا دوبارہ پوسٹ مارٹم کرنے ہائیکورٹ کی ہدایت

کریم نگر۔6اپریل ( اردو لیکس) ہائیکورٹ نے ضلع کریم نگرکےمنتھنی میں مشتبہ حالت میں فوت مدھوکر کی نعش کا دوبارہ پوسٹ مارٹم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے عبوری حکمنامہ جاری کیا۔ واضح رہے کہ مدھوکر نامی نوجوان مشتبہ حالت میں فوت ہوگیا جس کے بعد اس کے رشتہ داروں نے الزام عائد کیا کہ مدھوکر اعلی ذات کی ایک لڑکی سے محبت کرتا تھا اور لڑکی کے رشتہ داروں نے ہی اس کا قتل کیا۔ ہائیکورٹ نے اس معاملہ کی سماعت کرتے ہوئے ہدایت دی کہ عثمانیہ ہاسپٹل کے فارنسک ڈاکٹرس کی ٹیم نعش کا پوسٹ مارٹم کرے ۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ اور مدھوکر کے ماں باپ کی موجودگی میں نعش کا دوبارہ پوسٹ مارٹم کرواتے ہوئے اس کی ویڈیو گرافی کی جائے ۔ ہائیکورٹ نے ہدایت دی کہ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ مہربند لفافہ میں عدالت میں پیش کی جائے۔ یہاں یہ ذکربے جانہ ہوگا کہ پداپلی ضلع کے منتھنی منڈل کے خانہ پور میں پیش آے ایک دلت نوجوان مدھوکر کی مشتبہ موت پر سرکل انسپکٹر پربھاکر کا تبادلہ کردیا گیا ۔منتھنی پولیس اسٹیشن کے نئے سرکل انسپکٹر کی حیثیت سے ستیش کو مقرر کیا گیا۔