انٹر نیشنل

ریاض ایئرپورٹ پر ’سمارٹ شاپنگ ٹرالی سروس‘ کا آغاز

ریاض ۔ کے این واصف

مطارات ریاض کمپنی نے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے نیشنل ٹرمینل فائیو پر ’سمارٹ شاپنگ ٹرالی سروس‘ متعارف کرا دی ہے۔ جس سے کنگ خالد ہوائی اڈہ مسافروں کو مذکورہ نئی سروس فراہم کرنے والا سعودی عرب کا پہلا ایئرپورٹ بن گیا ہے۔

اخبار 24 کے مطابق مطارات الریاض کمپنی کا کہنا ہے کہ سمارٹ شاپنگ ٹرالی صارفین کو متعدد سہولتیں فراہم کرے گی۔اس کی بدولت مسافر ٹرمینل کے اندر مطلوبہ خدمات فراہم کرنے والے تجارتی مرکز یا ادارے تک تیزی سے رسائی حاصل کر سکے گا۔

سمارٹ شاپنگ ٹرالی میں نصب اسکرین کے ذریعے مسافر اپنے بورڈنگ پاس کو اسکین کر کے پرواز کا ڈیٹا دیکھ سکیں گے۔ پرواز کا نمبر انٹر کر کے بھی اس حوالے سے تمام تفصیلات معلوم کی جا سکیں گی۔ علاوہ ازیں گیٹ نمبر اور طیارے پر جانے کے حوالے سے باقی ماندہ وقت کے بارے میں بھی فوری معلومات حاصل ہو سکیں گی۔

اسمارٹ شاپنگ ٹرالی کا ایک فائدہ یہ بھی ہو گا کہ اس کی بدولت ایئرپورٹ انعام پروگرام فالو کیا جا سکے گا اور ٹرمینل کے کاروباری مراکز میں مہیا نئی پیشکشوں کے بارے میں بھی معلومات ملیں گی۔

مطارات الریاض کمپنی کے ایگزیکٹیو چیئرمین انجینیئر محمد المغلوث کا کہنا ہے کہ دراصل کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مختلف شعبوں میں ڈیجیٹل سسٹم لایا جا رہا ہے۔ مذکورہ سروس اس کا ایک حصہ ہے۔

کمپنی نے مسافروں کو اطمینان دلایا ہے کہ سمارٹ شاپنگ ٹرالی ٹرمینل فائیو کے تمام مسافروں کو مفت مہیا کی جا رہی ہے۔ اسمارٹ ٹرالی سسٹم نے ایئرپورٹ پر تجارتی مراکز تک مسافروں کی رسائی اور خریداری کا حجم بڑھانے میں زبردست کامیابی ریکاڈ کرائی ہے۔ یہ ٹرالی سب سے پہلے تجرباتی طور پر پچھلے سال سان ڈیاگو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر متعارف کرائی گئی تھی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button