شادی سے عین قبل ورنگل کے فنکشن ہال میں دلہے کی پٹائی

ورنگل۔14 مئی (اردولیکس انٹرنیٹ ڈیسک) کسی اور لڑکی کے ساتھ زندگی گذارنے کے بعد خفیہ طور پر دوسری لڑکی سے شادی کی تیاریوں میں مصروف دلہے کی شادی سے عین قبل پٹائی کرکے اسے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ یہ واقعہ ورنگل کے ہنمکنڈہ میں رونما ہوا۔ وجئے واڑہ کا بھرت سرینواس اوروہیں کی ایک لڑکی پچھلے پانچ سال سے شادی کئے بغیر ایک دوسرے کے ساتھ رہ رہے تھے۔ اس دوران بھرت سرینواس کا ورنگل کی ایک لڑکی سے رشتہ طئے ہوگیا آج اس کی شادی مقرر تھی۔ اس نے لڑکی والوں سے شادی سے پہلے 15 لاکھ روپئے نقد رقم کے علاوہ جہیز کا سامان حاصل کرلیا تھا۔ وجئے واڑہ کی لڑکی کو اپنے عاشق کی شادی کی اطلاع ملی اس نے اپنے رشتہ داروں کو سارا قصہ بتادیا وہ تمام ہنمکنڈہ کے شادی خانہ پہنچے جہاں دلہا اور باراتی موجود تھے۔ لڑکی کے رشتہ داروں نے بھری محفل میں بھرت سرینواس کی شادی سے عین قبل پٹائی کرکے اسے صوبیداری پولیس کے حوالے کردیا۔ دلہے کی گرفتاری کے بعد شادی رک گئی۔ اس اثناء میں دلہن کے رشتہ دار بھی پولیس اسٹیشن پہنچ گئے اور انصاف کا مطالبہ کرنے لگے انھوں نے دلہے سے 15 لاکھ روپئے اور جہیز کا سارا سامان واپس دلوانے کی خوہش کی۔ پولسی نے بھرت سرینواس کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔