یکم جون کو سنگاریڈی کے جلسہ عام میں راہول گاندھی کی شرکت

حیدرآباد ۔18 مئی( اردو لیکس) تلنگانہ کانگریس کے صدراتم کمارریڈی نے کہا کہ حکومت کی ناکامیوں کو بے نقاب کرنے کے لئے یکم جون کو سنگاریڈی ٹاون میں مہاگرجنا کے نام سے ایک بڑا جلسہ عام منعقد کیا جائے گا جس میں کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی شرکت کریں گے۔ یہ جلسہ عام تعلیم یافتہ نوجوانوں میں بیروزگاری اور اقل ترین قیمت نہ ملنے کے باعث خودکشی کرنے والے کسانوں کے لئے ہی منعقد کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مرکز اور ریاستی حکومتیں اپنے دعووں کو عملی جامہ پہنانے میں ناکام ہوچکی ہیں۔ انہوں نے حکمراں جماعت کی جانب سے کسانوں کی خودکشی کے لئے سابق حکومت کو ذمہ دار قرار دیئے جانے پر مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب جن کسانوں نے خودکشی کی ہے وہ کس کا دورحکومت ہے ؟ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کسانوں کو اقل ترین قیمتوں کی ادائیگی کے ذریعہ ان کی پیداوار حاصل کرنے کے موقف میں نہیں ہے۔ مرچ کے کسانوں کی مشکلات کی نشاندہی کرتے ہوئے انہوں نے دعوی کیا کہ ملک میں کسانوں کی خودکشی کے معاملہ میں ریاست کو دوسرا مقام حاصل ہوا ہے ۔