ماں کی نعش سے لپٹا دودھ پی رہا تھا معصوم

مدھیہ پردیش۔25 مئی (اردولیکس ڈیسک) ریاست مدھیہ پردیش میں پیش آئے ایک واقعہ نے دلوں کو جھنجوڑ کر رکھ دیا ہے۔ ریاست کے دموہ میں ایک خاتون ریلوے ٹریک کے قریب مردہ حالت میں پڑی ہوئی تھی اس کے ساتھ اسکا بچہ بھی تھا جسے شاید یہ نہیں پتہ تھا کہ اس کی ماں مر چکی ہے. وہ بچہ بھوک سے اس قدر پریشان تھا کہ وہ اپنی مردہ ماں کا ہی دودھ پینے پر مجبور ہوگیا اور وہ مسلسل اپنی ماں کوجگانے کی کوشش کر رہا تھا اسے کیا معلوم تھا کہ اس کی ماں اب اس دنیا میں نہیں رہی.
بھوپال سے قریب 250 کلومیٹردور دموہ کے ایک ریلوے اسٹیشن کے قریب مقامی لوگوں نے ریلوے ٹریک کے قریب خاتون اور اس کے بچے کو پڑے ہوئے دیکھا. انہوں نے فوری طور پر ہی معاملے کی اطلاع قریبی پولیس تھانے کو دی. اس دوران کچھ لوگوں نے پورے واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل کردی۔ اس کے بعد پولیس کے ساتھ چائلڈ ویلفیئر کے کارکن موقع پر پہنچے. عورت کی موت کیسے ہوئی اس کو لے کر صاف طور سے کوئی بات سامنے نہیں آئی ہے. اگرچہ ریلوے پولیس کےایک افسر نے بتایا کہ ٹرین سے گر کر خاتون کی موت ہوئی ہوگی۔ خاتون نے بچے کو سنبھالے رکھا تھا جس کی وجہہ سے اس کی جان بچ گئی۔ بچہ اپنی مردہ ماں سے لپٹا ہوا تھا اور دودھ پی رہا تھا۔اس دوران بچے کو یتیم خانے میں بھیج دیا گیا ہے. پولیس نے بتایا کہ عورت کے رشتہ داروں کی معلومات کے لئے نوٹس نکالا جائے گا. فی الحال عورت کہاں کی رہنے والی ہے اس کو لے کر بھی کوئی معلومات نہیں ملی ہے.