جگتیال کے کوڈمیال کی مسجد پر زعفرانی پرچم سے کشیدگی، 24 گھنٹے کے اندر خاطیوں کی گرفتاری کا ضلع ایس پی کا تیقن

جگتیال ۔18 جون ( اردو لیکس)  ضلع جگتیال کے کوڈمیال منڈل مستقر پر بعض نامعلوم شرپسندوں نے مسجد پر زعفرانی رنگ کا پرچم لگادیا ۔جس پر مقامی مسلمانوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے خاطیوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے مسجد کے سامنے کافی دیر احتجاج کیا جس کے باعث کوڈمیال میں اتوار کی صبح کافی کشیدگی دیکھی گئی ۔اس واقعہ کے فوری بعد مقامی پولیس کی بھاری جمعیت مسجد کے پاس پہنچ گئی اور احتجاجیوں کو خاموش کرنے کی کوشش کی لیکن وہ خاطیوں کی گرفتاری تک احتجاج ختم نہ کرنے پر بضد تھے حالات کو سنگین ہوتے دیکھ کر مقامی پولیس نے ضلع ایس پی اننت شرما کو کوڈمیال طلب کرلیا ۔ایس پی نے کوڈمیال کا دورہ کرتے ہوئے مسجد کے سامنے احتجاج کرنے والوں سے بات چیت کی اور انھیں تیقن دیا کہ 24 گھنٹہ کے اندر خاطیوں کی گرفتاری عمل میں لائی جائے گی ۔جس کے بعد احتجاج ختم ہوگیا اور اننت شرما نے مسجد پر لگاے گئے زعفرانی پرچم کو نکال دیا ۔اننت شرما نے ضلع کی عوام سے اپیل کی کہ وہ امن کو بحال رکھیں ۔