حافظ محمد فیاض علی کی قیادت میں حج وعمرہ ٹورس ویلفیر اسوسی ایشن کی مختارعباس نقوی سے ملاقات

حیدرآباد10جولائی(پریس نوٹ)حافظ محمد فیاض علی نے کہا کہ خانگی ٹورآپریٹرس (پی ٹی او) کیلئے مقررہ وقت پر کوٹہ مختص کرنے کی وجہہ سے عازمین حج کو جاریہ سال بہتر سہولتوں کی فراہمی کا موقع ملا ہے۔ انھوں نے شہر کے دورہ پر آئے ہوئے مرکزی مملکتی وزیر اقلتی امور جناب مختار عباس نقوی سے حج و عمرہ ٹور س آرگنائزرس ویلفیر اسوسی ایشن حیدرآباد،تلنگانہ و آندھراپردیش کے وفد کے ساتھ ملاقات کی۔ بعد ازاں حافظ محمد فیاض علی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سال 2009 سے عازمین حج کی سہولتوں کے تعلق سے مختلف مسائل کا سامنا تھا کیونکہ کوٹہ گذشتہ 8 سال سے آخری وقت میں کوٹہ مختص کیا جارہا تھاجس سے سعودی عرب میں عمارتوں کے انتخاب اور دوسری سہولتیں فراہم کرنے میں مشکلات پیش آرہی تھیں۔تاہم جاریہ سال حکومت ہند اور وزارت اقلیتی امورنے قبل از وقت کوٹہ مقرر کیا جس سے عازمین حج کے لئے بہترسے بہتر سہولتوں کی فراہمی کا موقع ملے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ جاریہ سال دونوں ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش کے جملہ 34 پرائیویٹ ٹورآپریٹرس پر جی ایس ٹی نافذ کیا گیا ہے جبکہ ریاستی حج کمیٹیوں کے توسط سے جانے والے عازمین کو اس سے استثنٰی قرار دیا گیا ہے۔ حافظ محمدفیاض علی نے بتایا کہ انھوں نے مرکزی وزیر کے علم میں یہ بات لائی کہ دونوں بھی عازمین حج ہی ہیں ایک ایجنسی کے تحت جانے والوں پر جی ایس ٹی کا نفاذ اور دوسروں کو چھوٹ انصاف کے مغائر ہے اس کا بوجھ آپریٹرس پر نہیں بلکہ عازمین پرہی عائد ہوتا ہے۔ مختار عباس نقوی نے اس پر نظر ثانی کرنے اور ہمدردانہ غورکرنے کا تیقن دیا۔ مرکزی وزیر سے ملاقات کرنے والے وفد میں اسوسی ایشن کے قائدین مسرس محمد عبدالرزاق قمر، محمد سراج خان،افضل،میر عادل علی،فہیم دیانی، محمد مسیح الدین اور دوسرے شامل ہیں۔