تلنگانہ

کلواکنٹلہ جہدکاروں کاخاندان‘مجرموں کا نہیں: کے کویتا

*کلواکنٹلہ جہدکاروں کاخاندان‘مجرموں کا نہیں:کے کویتا*

*شراب اسکام میں مجھے ماخوذ کرنے والے عناصرہتک عزت مقدمہ کاسامنا کرنے تیارہوجائیں*

*بی جے پی کااپوزیشن کی آواز کو دبانے تحقیقاتی ایجنسیوں اور میڈیا کا بیجااستعمال۔ رکن تلنگانہ قانون ساز کا رد عمل*

حیدرآباد:۔دختر وزیراعلیٰ و رکن تلنگانہ قانون ساز کونسل کلواکنٹلہ کویتا نے بی جے پی کی جانب سے ان پر لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کردیا۔ ٹی آر ایس قائد کویتا نے آج ابراہیم پٹنم میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے اپنے موقف کو واضح کیا اورواضح طورپرکہاکہ کلواکنٹلہ خاندان جہدکاروں کاخاندان نہ کہ اس خاندان کا تعلق مجرموں اورتڑی پاروں سے ہے۔

انہوں کہا کہ وہ آج واضح کرنا چاہتی ہیں کہ بی جے پی لیڈران کی جانب سے ان پر لگائے گئے تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم پر لگائے گئے الزامات، الزامات ہی رہیں گے۔ مرکز کے ہاتھ میں ہر قسم کے تحقیقاتی ادارے ہیں وہ ہر ممکن طریقہ جانچ کر سکتے ہیں ہمارا ان کے ساتھ مکمل تعاون رہیگا۔لیکن میں قوم سے یہ کہنا چاہتی ہوں کہ میرے لیڈر اور ریاست تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے سی آر ایک سنہرے خواب اورایک ایجنڈے کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں کہ ہندوستان کو کس طرح ترقی یافتہ ملک بنایا جائے۔ ہم سب ان کے دکھائے ہوئے راستے پرعمل پیرا ہیں۔وزیراعلیٰ کے سی آر پر عوام کو مکمل بھروسہ ہے وہ جانتے ہیں کہ کے سی آر عوام کی فلاح و بہبود کے لئے خدمات انجام دیتے ہیں۔

اگر بی جے پی یہ سمجھ رہی ہے کہ کے سی آر کی دختر کو بدنام کیا جائے تووہ خوف میں مبتلا ہوجائیں گے،ایسا ہرگز نہیں ہے۔ کویتا نے کہا کہ یہ ان کی جانب سے کی جارہی ایک فضول کوشش ہے۔بی جے پی پارٹی ہمارے خاندان پر بے بنیاد الزامات عائد کرتے ہوئے بدنام کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

رکن کونسل نے کہا کہ ہمارا خاندان جہد کاروں سے تعلق رکھتاہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک تلنگانہ کے دوران بھی کئی الزامات عائد کئے گئے تھے لیکن ہمارے قدم کبھی نہیں لڑکھڑائے۔ ہم نے ہر رکاوٹ کا ڈٹ کر سامنا کیا اور آج بھی کریں گے۔ ہماری فیملی کسی سے خوفزدہ ہونے والی نہیں ہے اور نہ ہی ہمارے قدم پیچھے ہٹیں گے۔

بی جے پی اپوزیشن کی آواز کو دبانے کے لئے ہر قسم کی تحقیقاتی ایجنسیوں اور میڈیا کا استعمال کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کے جوابات دینے کے بجائے بی جے پی ان پر کیچڑ اچھال رہی جو یہ ٹھیک نہیں ہے عوام کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔

ایم ایل سی کلواکنٹلہ کویتا دہلی شراب گھٹالے معاملہ میں ان کے خلاف جھوٹے الزامات عائد کرنے پربی جے پی رکن پارلیمنٹ پرویش ورما اور سابق رکن اسمبلی منجندر سرسا کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کریں گی۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button