ماں کے ہاتھوں شیرخوار بیٹے کا قتل عادل آباد ضلع میں واقعہ

حیدرآباد 14 اگست/ضلع عادل آباد میں ماں نے اپنے نومولود بچے کو عاشق کے ساتھ مل کر قتل کردیا اور نعش کو گھر میں ہی دفن کردیا۔ یہاں ملی اطلاعات میں پتہ چلاہے کہ تامسی منڈل کپالہ سے تعلق رکھنے والی وینکٹ اماں کا شوہر فوت ہوگیا اس کے ناجائز تعلقات اسی موضع کے شنکر سے قائم ہوگئے اور خاتون حاملہ ہوگئی۔ قریب دو ماہ قبل اس نے ایک بچے کو جنم دیا جس کے بعد شنکر اور وینکٹ اماں نے ملکر بچے کو مار کر اپنے مکان میں دفن کردیا۔ اس نے گاوں والوں کو یہ گمراہ کن بیان دیا تھا کہ کسی نے اس کے بچے کا اغوا کرلیا ہے۔ مختلف زاویوں سے تحقیقات کے بعد پولیس کو خاتون کے بیان پر شبہ ہوا اور انھوں نے اس سے پوچھ تاچھ کی تو معاملہ سامنے آیا۔ متعلقہ پولیس نے دفن کی گئی نعش کو باہر نکالا خاتون اور اس کےعاشق کوپولیس نے گرفتار کرلیا۔