چیف منسٹر اترپردیش یوگی کے خلاف پولیس سے شکایت

اترپردیش اگست/ ریاست اترپردیش کے گورکھپور کے میڈیکل کالج میں شیر خوار بچوں کی موت کے بعد ایک شخص نے چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ کے ساتھ دو دیگر وزراء کے خلاف پولیس سے شکایت کی ہے۔ واضح رہے کہ ریاست بہار سے تعلق رکھنے والے راج بھر کی بیٹی بھی ان مرنے والوں میں شامل ہے جنہیں آکسیجن نہیں ملا تھا۔اپنی بیٹی کی آخری رسومات ادا کرنے کے بعد راج بھر واپس گورکھپور آئے اور انہوں نے پیر کو پولیس اسٹیشن جاکر ایف آئی آر درج کرائی ہے.انہوں نے میڈیکل کالج کے چیف سکریٹری انیتا بھٹناگر جین، وزیر صحت سددھارتھناتھ سنگھ، وزیر تعلیم آشوتوش ٹنڈن کے خلاف شکایت کی ہے. یہ شکایت گلہریا پولیس اسٹیشن گورکھپور میں درج کی گئی۔ اپنی شکایت میں راج بھر نے الزام لگایا ہے کہ ان کی بیٹی آکسیجن کی کمی کی وجہ سے بی آر ڈی ہسپتال میں مر گئی اس کے لئے انہوں نے یوگی آدتیہ ناتھ اور دو وزراء کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔وہیں اس معاملے میں گلهريا پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں شکایت ملی ہے اور انہوں نے معاملے کو درج کرکے اس کی جانچ شروع کر دی ہے۔