ریونت ریڈی کی وزیر اعظم مودی سے اُمید پورٹل کی مہلت میں ایک سال کی توسیع کی درخواست

تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی وزیر اعظم مودی سے اُمید پورٹل کی مہلت میں ایک سال کی توسیع کی درخواست
چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اوقافی جائیدادوں کا ریکارڈ مرکزی حکومت کے اُمید پورٹل پر اپ لوڈ کرنے کی مہلت میں ایک سال کی توسیع کی درخواست کی ہے۔ موجودہ آخری تاریخ 5 دسمبر 2025 مقرر ہے۔
ریونت ریڈی نے وضاحت کی کہ تلنگانہ میں اوقافی جائیدادوں کا ریکارڈ صدیوں پرانا ہے اور مختلف محکمہ جات جیسے آرکائیوز، ریونیو اور انڈومنٹس میں محفوظ ہے، جس کی تصدیق میں وقت لگ رہا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اُمید پورٹل میں تکنیکی خرابیوں کے باعث بھی عمل میں رکاوٹیں پیش آ رہی ہیں۔
چیف منسٹر نے کہا کہ متولی حضرات آن لائن رجسٹریشن کے طریقہ کار سے پوری طرح واقف نہیں ہیں، اس لیے حکومت نے ان کی تربیت کا انتظام کیا ہے۔ اُنھوں نے زور دیا کہ مہلت میں توسیع سے ریاست وقف جائیدادوں کی مکمل اور درست تفصیلات شفاف انداز میں اپ لوڈ کر سکے گی۔



