دھرمیندر ہاسپٹل سے ڈسچارج

ممبئی: بالی ووڈ کے سینئر اداکار دھرمیندر کو ممبئی کے بریچ کینڈی ہاسپٹل سے آج صبح ڈسچارج کر دیا گیا جہاں وہ گزشتہ چند دنوں سے زیرِ علاج تھے۔ 89 سالہ لیجنڈری اداکار اب اپنے گھر پر ڈاکٹروں کی نگرانی میں علاج جاری رکھیں گے۔ ان کے معالج ڈاکٹر پریت صمدانی نے بتایا کہ گھر پر نگہداشت کا فیصلہ دھرمیندر کے اہلِ خانہ نے میڈیکل ٹیم سے مشاورت کے بعد کیا ہے۔
اداکار کی بیٹی ایشا دیول نے تصدیق کی کہ دھرمیندر کی صحت میں مسلسل بہتری آ رہی ہے اور وہ مستحکم ہیں۔ انہوں نے مداحوں کی نیک تمناؤں اور دعاؤں کا شکریہ ادا کیا اور خاندان کی رازداری کا احترام کرنے کی اپیل کی۔اداکارہ اور رکن پارلیمان ہیما مالنی نے دھرمیندر کی حالت سے متعلق پھیلنے والی افواہوں کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’اداکار کی صحت کے بارے میں غیر مصدقہ خبریں پھیلانا غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔‘‘سنی دیول کی ٹیم کی
جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ’’دھرمیندر صاحب علاج پر مثبت ردعمل دے رہے ہیں اور ان کی حالت میں نمایاں بہتری دیکھی جا رہی ہے۔‘‘ بیان میں خیرخواہوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی مکمل صحتیابی کے لیے دعاؤں کی درخواست کی گئی۔قابلِ ذکر ہے کہ دھرمیندر کو 10 نومبر کو سانس لینے میں دشواری کے باعث اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان کی علالت کے دوران سلمان خان،
شاہ رخ خان (اپنے بیٹے آرین کے ساتھ)، گووندا اور امیشا پٹیل نے اسپتال پہنچ کر خیریت دریافت کی۔اداکار کی گھر واپسی کی خبر سے مداحوں اور فلمی حلقوں میں اطمینان کی لہر دوڑ گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر نیک تمناؤں اور محبت بھرے پیغامات کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔



