بالاگھاٹ میں دل دہلا دینے والا واقعہ — عاشق نے دن دہاڑے سڑک پر محبوبہ کا گلا کاٹ دیا، لوگ تماشہ دیکھتے رہے

بالاگھاٹ میں دل دہلا دینے والا واقعہ — عاشق نے دن دہاڑے محبوبہ کا گلا کاٹ دیا، لوگ تماشہ دیکھتے رہے
مدھیہ پردیش کے ضلع بالاگھاٹ میں ایک لرزہ خیز واردات نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا۔ محبت کے چکر میں پاگل ایک نوجوان نے دن دہاڑے سڑک کے بیچ میں اپنی گرل فرینڈ کا بے رحمی سے گلا کاٹ کر قتل کردیا۔ واقعہ کے وقت بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے، مگر کسی نے بھی لڑکی کو بچانے کی ہمت نہیں کی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور ملزم کو گرفتار کرلیا۔
یہ افسوسناک واقعہ بالاگھاٹ کے بیہر پولیس اسٹیشن کے حدود کے آم گاؤں میں پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کی صبح تقریباً 10 بجے ملزم روشن ساورے نے اپنی محبوبہ شیتل عرف رتو بھنڈارکر (عمر 22 سال) کا تیز دھار ہتھیار سے گلا کاٹ دیا۔ مقتولہ شیتل آم گاؤں کی رہنے والی تھی اور بیہر کی ایک الیکٹرانکس دکان میں کام کرتی تھی
۔ وہ حسبِ معمول صبح گھر سے کام کے لیے نکلی تھی، لیکن راستے میں گاؤں کے چوراہے پر ملزم روشن سے اس کی ملاقات ہوگئی۔ دونوں کے درمیان کسی بات پر تکرار ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے جھگڑے میں بدل گئی۔
الزام ہے کہ غصے میں آکر روشن نے اچانک تیز دھار چاقو نکالا اور شیتل کے گلے پر کئی وار کرکے اسے موقع پر ہی ہلاک کردیا۔ واردات کے بعد ملزم کچھ دیر تک مقتولہ کے پاؤں پکڑ کر روتا رہا۔ اس دوران موقع پر بھیڑ جمع ہوگئی، مگر کسی نے بھی نہ لڑکی کو بچانے کی کوشش کی اور نہ ہی قاتل کو روکنے کی۔ مقامی افراد نے فوراً پولیس کو اطلاع دی۔ بیہر تھانے کی پولیس چند منٹوں میں موقع پر پہنچی اور ملزم کو حراست میں لے لیا۔
ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ آدرش کانت شکلا نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور اس سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔ قتل میں استعمال ہونے والا ہتھیار بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
مقتولہ کے گھر میں کہرام مچ گیا ہے، جبکہ گاؤں میں خوف و دہشت کا ماحول ہے۔ پولیس اب اس قتل کے پس پردہ وجوہات کی گہرائی سے جانچ کررہی ہے اور محبت کے تنازعہ سے جڑی تمام ممکنہ ثبوت اکٹھا کررہی ہے۔



