سونیا اور راہول پر مقدمات سیاسی انتقام — کانگریس آخری دم تک لڑنے کو تیار: چیف منسٹر ریونت ریڈی

کانگریس کی اعلیٰ قیادت کے دفاع میں آج گاندھی بھون میں منعقدہ پی سی سی کے اجلاس میں تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے مرکز پر سنگین سیاسی انتقام کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کے خلاف منی لانڈرنگ مقدمہ حقیقت نہیں بلکہ ایک من گھڑت سازش ہے۔
ریونت ریڈی کے مطابق نیشنل ہیرالڈ کوئی منافع بخش کاروبار نہیں تھا بلکہ نہرو خاندان کی وراثت سے وابستہ ایک ایسا اخبار تھا جسے زندہ رکھنے کے لیے کانگریس پارٹی نے مالی ذمہ داری نبھائی، اس میں حکومت کا ایک پیسہ شامل نہیں تھا بلکہ اس اقدام کا مقصد صرف اور صرف اخبار کے ملازمین اور ان کے خاندانوں کو معاشی سہارا دینا تھا۔
انہوں نے واضح کیا کہ کانگریس قیادت نے کسی قسم کا ذاتی فائدہ حاصل نہیں کیا بلکہ ریٹائرڈ اسٹاف کی تنخواہیں، بینیفٹس اور شیئر کیپٹل کے طور پر تمام رقوم پارٹی کے فنڈ سے ادا کی گئیں، اس لیے اسے منی لانڈرنگ قرار دینا حقیقت سے دور اور بدنیتی کا مظہر ہے۔ ریونت ریڈی نے یہ بھی کہا کہ راہول گاندھی کی ووٹ چوری کے خلاف ملک گیر مہم کے بعد حکومت نے اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے جھوٹے مقدمات کا سہارا لیا، مگر گاندھی خاندان کو دھمکانا یا خاموش کرانا ممکن نہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ کانگریس پوری مضبوطی کے ساتھ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کے ساتھ کھڑی ہے اور اگر وقت نے تقاضا کیا تو آخری دم تک لڑنے کیلئے تیار ہے۔ گاندھی خاندان کی قربانیوں، خدمات اور قومی کردار کو جھوٹے مقدمات سے دھندلایا نہیں جا سکتا — اور نہ ہی ایسے حربے کانگریس کے حوصلے پست کر سکتے ہیں۔



