انٹر نیشنل

سعودی عرب کی یونیورسٹیوں میں یوگا متعارف کرانے کے لیے معاہدے ہوں گے

ریاض ۔ کے این واصف

سعودی عرب میں یوگا تیزی سے مقبول ہورہا ہے۔ اس حوالے سے ایک تازہ اطلاع یہ ہے کہ سعودی یوگا کمیٹی کی صدر نوف المروعي نے کہا ہے کہ یوگا کی سپورٹ اور فروغ کے لیے آئندہ چند مہینوں میں سعودی عرب کی بڑی یونیورسٹیوں کے ساتھ کئی معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

عرب نیوز کے مطابق یہ اعلان ریاض میں وزارت تعلیم کے تعاون سے سعودی یونیورسٹیز اسپورٹس فیڈریشن کے زیراہتمام ’اسپورٹس میں مملکت کے وژن کی سپورٹ میں یونیورسٹی اسپورٹس کا کردار‘ کے عنوان سے منعقدہ ایک فورم کے دوران کیا گیا۔انٹرنیشنل یونیورسٹیز اسپورٹس فیڈریشن کے صدر لیونز ایڈر اور انٹرنیشنل یونیورسٹی اسپورٹس فیڈریشن کے ڈائریکٹر جنرل پاؤلو فریرا کی قیادت میں یونیورسٹی اسپورٹس کے متعدد ماہرین اور بین الاقوامی رہنماؤں نے اس فورم میں شرکت کی۔

سعودی یوگا کمیٹی کی صدر نوف المروعي نے یونیورسٹیز میں اسپورٹس کی ترقی اور فروغ کے عنوان سے منعقدہ چوتھے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’کمیٹی یونیورسٹیز میں یوگا کو متعارف کرانے کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے۔‘انہوں نے کہا کہ ’یوگا اپنے پریکٹیشنرز کو جسمانی اور ذہنی تندرستی کے لیے بہت سے فوائد فراہم کرتا ہے۔ وژن 2030 کے اہم ستونوں میں سے ایک اسپورٹس کی سرگرمیوں میں شرکت کو بڑھانا ہے۔‘نوف المروعي نے وضاحت کی کہ ’یوگا صرف مراقبہ اور آرام نہیں ہے جیسا کہ کچھ لوگ مانتے ہیں۔

سعودی یوگا کمیٹی کی صدر نے مزید کہا کہ ’کمیٹی کا مقصد یوگا کی تمام اقسام میں عام طور پر یا یوگاسنا اسپورٹس میں ممتاز یوگا پریکٹیشنرز کی صلاحیتوں کو دریافت کرنا، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنا، مقامی اور بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں مملکت کی نمائندگی اور شرکت کے لیے ان کی مدد کرنا ہے۔واضح رہے کہ متذکرہ بالا نوف المروعی کو سعودی میں ان یوگا کی خدمات پر حکومت ہند نے پچھلے سال “پدم شری” کے اعزاز سے نوازہ تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button