عاشق اوراسکے گھروالوں کو چپلوں کا ہارپہنا کرنکالا گیا جلوس

نئی دہلی 29 اکتوبر/ ایک نوجوان کے لڑکی سے محبت کرنے کی سزا اور اس کے ساتھ ساتھ اس کے گھروالوں کو بھی بھگتنی پڑی۔ ان تمام کو چپلوں کا ہارپہناکرچپلوں سے پٹائی کرتے ہوئے گاوں بھر میں جلوس نکالا گیا۔ یہ واقعہ ریاست اترپردیش کے ضلع بیجورکے گاوں اسلام آباد کا ہے۔ گاوں کا نوجوان اپنی ہی برادری کی ایک لڑکی سے محبت کرتا تھا۔ بات جب شادی تک پہنچی تووہ فرارہوگیا اس دوران پتہ چلا کہ لڑکے کے چھوٹے بھائی کا بھی ایک لڑکی سے افیئرتھا۔ دونوں لڑکیوں کے گھروالوں نے ملکر دونوں بھائیوں ان کے باپ اور رشتہ داروں کو گھر سے کھینچ کر باہر نکالا اورچپلوں کا ہار پہنا کرگاوں بھر میں پھرایا گیا اوران کی چپلوں سے پٹائی کی گئی۔ گاوں والوں کی اس حرکت کو کسی نے سیل فون میں قید کیا اور یہ ویڈیو سوشیل میڈیا پرپھیل گیا۔ پولیس کے مطابق انھیں اس سلسلے میں شکایت نہیں ملی شکایت ملنے پر کاروائی کی جائے گی، پولیس نے کہا کہ متاثرین ابھی صدمہ میں ہیں اور بیان دینے کے موقف میں نہیں ہے۔