اب بار بار لائسنس رینیول کرانے کی جھنجھٹ ختم ؟ مرکزی حکومت کا بڑا منصوبہ

نئی دہلی: مرکزی حکومت ڈرائیونگ لائسنس کی میعاد میں بڑا اضافہ کرنے پر غور کر رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس وقت 20 سال کے لیے جاری کیے جانے والے ڈرائیونگ لائسنس کی مدت کو بڑھا کر 50 سال کرنے کی تجویز زیرِ غور ہے۔
اگر یہ تجویز نافذ ہو جاتی ہے تو گاڑی مالکان کو بار بار لائسنس کی تجدید کے لیے درخواست دینے کی ضرورت نہیں رہے گی، جس سے عوام کا وقت اور اخراجات بچیں گے اور آر ٹی او دفاتر پر بھی بوجھ کم ہوگا۔
رپورٹس کے مطابق، مرکزی وزارتِ سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہیں گاڑیوں کی ملکیت کی منتقلی، پرمٹ کی تجدید اور دیگر ٹرانسپورٹ خدمات کو مکمل طور پر آن لائن کرنے پر بھی غور کر رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ریاستی حکومتوں، محکمہ ٹرانسپورٹ اور دیگر متعلقہ فریقوں سے مشاورت کے بعد ہی اس بارے میں حتمی فیصلہ اور باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ تاہم فی الحال یہ تجویز ابتدائی مرحلے میں ہے اور اس کے نفاذ کے لیے کوئی وقت مقرر نہیں کیا گیا ہے۔




