حیدرآباد میں بارش کے دوران دلخراش حادثہ، پرانے شہر میں دو نوجوان کرنٹ شاک لگنے سے جاں بحق
حیدرآباد کے پرانے شہر میں بارش کے دوران پیش آئے افسوسناک حادثے میں دو نوجوان کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گئے۔ یہ حادثہ مبینہ طور پر شارٹ سرکٹ اور ٹوٹی ہوئی برقی کی تار پانی میں گرنے کے باعث پیش آیا۔
متوفیوں کی شناخت جعفر (25) اور ابو (16) کے طور پر ہوئی ہے۔ جعفر موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ ابو کو فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا، جہاں وہ دورانِ علاج دم توڑ گیا۔
اطلاعات کے مطابق بارش کے بعد بندلہ گوڑہ پولیس اسٹیشن حدود میں برقی کی ایک تار ٹوٹ کر پانی میں گر گئی تھی۔ دونوں نوجوان آٹو سے آکر رائل سی ہوٹل کے قریب اترے۔ سڑک پر جمع بارش کے پانی میں موجود ٹوٹی ہوئی تار ان کی نظر میں نہ آ سکی اور پانی میں قدم رکھتے ہی انہیں شدید برقی جھٹکا لگا۔
مقامی افراد نے فوری طور پر برقی کی سپلائی بند کروائی اور دونوں کو ہاسپٹل منتقل کیا، تاہم انہیں بچایا نہ جا سکا۔
پولیس موقع پر پہنچ کر واقعہ کی تحقیقات میں مصروف ہے اور حادثے کی وجوہات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔




