کویت جانے کی کوشش۔حیدرآباد ائیرپورٹ پر 44 خواتین پکڑی گئیں

حیدرآباد:حیدرآباد کے شمس آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر منگل کو 44 خواتین کو امیگریشن حکام نے پکڑ لیا۔ یہ تمام خواتین تلنگانہ اور آندھرا پردیش کی رہنے والی بتائی گئی ہیں اور کویت جا رہی تھیں۔ ان سب کے پاس دو دو ویزے تھے، ایک ویزٹ اور دوسرا ایمپلائمنٹ ویزا تھا، ایک اور ذرائع کے مطابق ان کے پاس جعلی ویزے اور دستاویزات تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ان تمام خواتین کو ممبئی کے ایک ایجنٹ نے کویت میں نوکری دلانے کا وعدہ کیا تھا۔ ایجنٹ نے ان تمام خواتین سے رقم لے کر آندھرا پردیش کے مقامی ایجنٹوں کے ساتھ مل کر فرضی ویزا اور دستاویزات تیار کیے تھے۔

ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ایجنٹ نے خواتین کے لیے دو ویزے تیار کیے تھے۔ ایک ویزا امیگریشن حکام کو دکھانا تھا اور دوسرا ویزا کویت کے حکام کو دکھانا تھا۔ اس کے بعد ایجنٹ نے حیدر آباد ایئرپورٹ سے تمام خواتین کے ٹکٹ بھی بک کروائے تھے۔

ایر پورٹ پہنچنے پر حکام نے دستاویزات پر شبہ ہونے پر فوری طور پر سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کو اطلاع دی۔ تمام خواتین کو حراست میں لے کر راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس نے معاملے کی چھان بین کے بعد پایا کہ یہ تمام خواتین دھوکہ دہی کا شکار ہوئی ہیں۔ پولیس نے اس معاملے میں ایجنٹس کے خلاف کیس درج کرلیا۔