انٹر نیشنل

سعودی عرب نے مملکت آنے والوں کے لیے آن لائن ٹرانزٹ ویزا سروس کا آغاز کردیا

ریاض ۔ کے این واصف

مملکت کی جانب سے سعودی عرب وزٹ پر آنے کے خواہشمند مسافرین کے لئے ایک اور سہولت فراہم کردی۔ سعودی عرب نے فضائی راستے سے مملکت آنے والوں کے لیے آن لائن ٹرانزٹ ویزا سروس کاآغاز کیا ہے۔نئی سروس پیر30 جنوری سے موثر ہوگئی۔ مسافر سعودی ائیر لائن اور فلائی ناس کے الیکڑانک پلیٹ فارم کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔

سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی دفتر خارجہ نے بیان میں کہا کہ’ آن لائن ٹرانزٹ وزٹ ویزا سروس کا مقصد مختلف کاموں کے لیے سعودی عرب آمد میں سہولت فراہم کرنا ہے۔ نئی سروس سے ویزکے کی کارروائی آسان بنائی گئی ہے‘۔

دفتر خارجہ نے بیان میں کہا کہ ’سعودی عرب آنے کے خواہشمند افراد کو ٹرانزٹ ویزے پر عمرے، مسجد نبوی کی زیارت، سیاحتی پروگرام میں شرکت اور مملکت کے شہروں میں جانے کی سہولت ہوگی‘۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ’ڈیجیٹل ٹرانزٹ ویزا سروس سے سعوددی وژن 2030 کے اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔ مختلف براعظموں کے درمیان واقع ہونے کی وجہ سے سعودی عرب کے اسٹراٹیجک محل وقوع سے بھرپور استفادہ ہوگا‘۔

ٹرانزٹ ویزے کے حصول کا طریقہ کار یہ ہوگا کہ فضائی مسافر السعودیہ اور ناس ایئر کے الیکڑانک پلیٹ فارم سے ٹرانزٹ ویزے کی درخواست کریں گے جو خودکار سسٹم کے تحت دفتر خارجہ کے قومی ویزا پلیٹ فارم میں منتقل ہوجائے گی۔دفتر خارجہ اس پر فوری کارروائی کرکے ڈیجیٹل ویزا جاری کرے گا۔ ای میل پرامیدوار کو بھیجا جائے گا۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ’ٹرانزٹ وزٹ ویزے کی کوئی فیس نہیں ہوگی۔ فضائی ٹکٹ کے ساتھ درخواست دیتے ہی ویزا جاری کردیا جائے گا‘۔’ٹرانزٹ ویزا تین ماہ کےاندر استعمال کیا جاسکے گا۔ اس ویزے پر مملکت میں چار دن قیام کی اجازت ہوگی‘۔

متعلقہ خبریں

Back to top button